دورہ امریکا میں پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، وزیراعظم نوازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 8 اکتوبر 2015
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت دورہ امریکا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت دورہ امریکا کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف كا كہنا ہے كہ دورہ امریكا دونوں ممالک کے تعلقات میں معاون ثابت ہوگا جب کہ اس سے پاکستان كی بے مثال قربانیوں كو اجاگر كرنے كا موقع ملے گا۔

وزیراعظم نواز شریف كی زیرصدارت دورہ امریکا کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں  وزیرخزانہ اسحا ق ڈار ،وزیر داخلہ چوہدری نثار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی نے شركت كی جب کہ اجلاس میں وزیراعظم كے آئندہ دورہ امریكا سے متعلق امور زیرغور لائے گئے اور اجلاس میں  پاك امریكہ دوطرفہ تعلقات پر خصوصی توجہ مركوز كی گئی۔

اجلاس کے موقع پر اظہارخیال كرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف كا كہنا تھا كہ دورہ امریكا میں پاكستان كی دہشتگردی كے خلاف جنگ میں قربانیوں سے آگاہ كیا جائے گا اوریہ دورہ  دوطرفہ تعلقات میں معاون ثابت ہوگا۔ ذرائع كے مطابق اجلاس میں بتایا گیا كہ وزیراعظم  معمول كے مطابق 12 سیٹوں پر مشتمل طیارے پر امریكا جائیں  گے اور ان كے ہمراہ 18 اركان پر مشتمل اعلیٰ سطح كا وفد بھی امریكہ جائیگا جب كہ اپنے دورہ امریكہ سے قبل وزیرعاظم برطانیہ میں بھی مختصر قیام كریں  گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے بلوچستان میں امن وامان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے صوبائی حكومت كی پالیسیوں اور وزیراعلیٰ کارکردگی كو سراہتے ہوئے کہا كہ بلوچستان حكومت كی پالیسیوں كے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ وہ كسان پیكیج پر تیزی سے عمل درآمد كے جائزہ کے لیے بلوچستان كا دورہ كریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔