فکسنگ کا شبہ، گال کرکٹ اسٹیڈیم کے کیوریٹرمعطل

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 9 اکتوبر 2015
سابق سری لنکن ٹیسٹ پلیئر ورنا ویرا اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔  فوٹو : فائل

سابق سری لنکن ٹیسٹ پلیئر ورنا ویرا اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش نہ ہوئے ۔ فوٹو : فائل

کولمبو:  سابق سری لنکن ٹیسٹ کرکٹر اور گال کرکٹ اسٹیڈیم کے موجودہ کیوریٹر جیا آنندا ورنا ویرا کو فکسنگ کے شبے میں معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے 2آفیشلزمیچ فکسنگ تحقیقات کے سلسلے میں گذشتہ روز کولمبو پہنچے، وہاں انھیں سابق کرکٹر اور گال اسٹیڈیم کے موجودہ کیوریٹر جیا آنندا ورنا ویرا سے پوچھ گچھ کرنا تھی مگر وہ طلب کرنے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، جس پر آفیشلز کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا مگر جاتے ہوئے وہ سری لنکا بورڈ کو تحقیقات کے منطقی انجام تک پہنچنے تک ورناویرا کو معطل کرنے کی بھی ہدایت کرگئے۔ جس پر ایس ایل سی نے نہ صرف انھیں معطل کردیا بلکہ ان کا گال اسٹیڈیم میں داخلہ بھی بند کردیا جہاں پر وہ گذشتہ 20 برس سے بطور کیوریٹر کام کررہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف 14 اکتوبر سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کیلیے وکٹ کی تیاری کیلیے ہنگامی طور پر نیشنل کیوریٹر جاناکا سمپتھ کو گال بھیج دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق جیا آنندا ورنا ویرا 2006 سے ہی آئی سی سی کے مشکوک افراد کی فہرست میں شامل ہیں، جب ان کا نام سری لنکا بورڈ کی جانب سے 2009 میں کھیل کی خدمت کرنے والے خصوصی رضاکاروں کی لسٹ میں شامل کیا گیا تب بھی آئی سی سی نے نہ صرف اعتراض کیا بلکہ انھیں میڈل لسٹ سے ڈراپ بھی کردیا گیا تھا۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کونسل کی جانب سے انھیں سری لنکا کرکٹ کی موجودہ عبوری کمیٹی میں شامل کیے جانے پر بھی اعتراض کیا گیا جس پر گذشتہ ہفتے ان سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا۔ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کو ان کے کس معاملے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے اور کن ٹیموں کے درمیان فکسنگ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔