ملک میں ہمیشہ الٹی گنگا بہتی آرہی ہے جسے بہت مشکل سے سیدھا کیا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اکتوبر 2015

شیخوپورہ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ الٹی گنگا بہتی آرہی ہے جسے بہت مشکل سے سیدھا کیا ہے اس لئے کنٹینر پر چڑھ کر بجلی کے بل جلانے سے ملک میں بجلی نہیں آتی۔

شیخوپورہ میں بھکی بجلی گھر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بکھی منصوبے کو 95 ارب روپے میں لگنا چاہیے تھا جب کہ نیپرا رولز کے مطابق بکھی منصوبہ 95 ارب روپے کا تھا جسے پنجاب حکومت 55 ارب روپے سے مکمل کررہی ہے تاہم اگرکوئی پیسا بنانے والی حکومت ہوتی تو منصوبے پر اتنا ہی خرچ ہوتا جب کہ 45 ارب روپے کی بچت ہماری شفاف پالیسی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف بجلی کی قلت پورا کرنا اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے، سستی بجلی عوام تک پہنچے گی تو ملک ترقی کرے گا اور کم آمدنی والا خاندان بھی خوشحال ہوگا تاہم کنٹینر پر چڑھنے والے لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی اور ملک کی ترقی کنٹینر پر چڑھنے والوں کے بس کی بات نہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی 6 ماہ میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان نہیں کیا، 1180 میگاواٹ کا بھکی پاور پروجیکٹ 2017 کے آخر تک بجلی کی پیداوارشروع کردے گا اور2018 تک ملک سے بجلی کی قلت کا  خاتمہ کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کھیل کود سے باہر نکلیں اور گالیاں دینا چھوڑیں، جب بھی گالیاں دیتے ہیں دل سے دعا نکلتی ہے کہ اللہ تعالی آپ کو ہدایت دے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔