صرف دہشت گردوں سے جنگ نہیں بلکہ بلوچ عوام کے دل بھی جیتنے ہیں، چوہدری نثار

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2015
بلوچستان میں فساد برپا کرنے کے پیچھے پاکستان دشمن طاقتیں ہیں، چوہدری نثار. فوٹو: فائل

بلوچستان میں فساد برپا کرنے کے پیچھے پاکستان دشمن طاقتیں ہیں، چوہدری نثار. فوٹو: فائل

لورالائی: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان  کا کہنا ہے کہ ہم نے صرف دہشت گردوں سے جنگ نہیں جیتنی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بلوچ عوام کے دل بھی جیتنے ہیں۔

لورا لائی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جو لوگ بلوچستان میں فساد پربا کر رہے ہیں ان کے پیچھے پاکستان دشمن طاقتیں ہیں لیکن دشمن یہ بات ذہن نشین کر لے بلوچستان کا چپہ چپہ ہمیں عزیز ہے، ہم بلوچستان کی حفاظت بھی کریں گے اور اسے ترقی بھی دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فرنٹیئر کور ملکی تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لیکن ہم نے صرف دہشت گردوں سے جنگ ہی نہیں جیتنی بلکہ  بلوچ عوام کے دل بھی جیتنے ہیں، ایف سی کی ملک کے لئے اور اس صوبے کے لئے گراں قدر خدمات قابل ستائش ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بلوچستان کا مستقبل ایک ہے، پاکستان کی سلامتی بلوچستان کے امن سے جڑی ہے، اللہ کی مہربانی، عوام کی قربانیوں اور ایف سی کی جواں مردی سے اس خطے کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اسلئے دنیا کی نظریں اس خطے پر ہیں مگر یہ خطہ بلوچیوں کا ہے، پاکستان کا ہے اور مسلمانوں کا ہے، لوگ دیکھتے رہ جائیں گے لیکن ہم بلوچستان کو اور بھی زیادہ محفوظ بنائیں گے اور دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔