بھارت نے سمجھوتا ایکسپریس واپس بھیج کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، سعد رفیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 اکتوبر 2015
بھارتی مسافروں کا مکمل خیال رکھا جائے، وزیرریلوے کی متعلقہ حکام کو ہدایت ، فوٹو:فائل

بھارتی مسافروں کا مکمل خیال رکھا جائے، وزیرریلوے کی متعلقہ حکام کو ہدایت ، فوٹو:فائل

لاہور: وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے حکام کو بھارتی مسافروں کا مکمل خیال رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سمجھوتا ایکسپریس واپس بھیج غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی کے ہمراہ لاہور کے ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں موجود بھارتی مسافروں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی جب کہ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بھارت نے سمجھوتا ایکسپریس واہگہ بارڈر سے واپس بھیج کر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، بھارت کو اپنے مسافروں کو لاوارث نہیں چھوڑنا چاہیے تھا جب کہ سمجھوتا ایکسپریس ٹرین چلانا یا اجازت لینا میرا کام نہیں ہے۔

وزیرریلوے نے ریلوے حکام کو ہدایت دی کہ بھارتی مسافروں کا مکمل خیال رکھا جائے کیوں کہ ہم مہمان نواز ہیں اور بھارتی مسافر ہمارے مہمان ہیں۔

واضح رہے بھارت نے گزشتہ روز سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر سمجھوتہ ایکسپریس کو اٹاری ریلوے اسٹیشن میں داخلے کی اجازت نہیں دی تھی جس کےبعد ٹرین مسافروں لے کر واپس لاہور اسٹیشن پہنچ گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔