کیلیفورنیا کا ’’ خوف گھر‘‘ جہاں اپنی ذمے داری  پر داخل ہونا پڑتا ہے

ویب ڈیسک  منگل 13 اکتوبر 2015
تفریحی لیکن خوفناک مرکز میں 17 کمرے ہیں اور جانے سے قبل اپنی ذمے داری کے کاغذات پر دستخط کرنا پڑتے ہیں،
فوٹو: سیونٹینتھ ڈور

تفریحی لیکن خوفناک مرکز میں 17 کمرے ہیں اور جانے سے قبل اپنی ذمے داری کے کاغذات پر دستخط کرنا پڑتے ہیں، فوٹو: سیونٹینتھ ڈور

کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ٹسٹن میں 17 کمروں پر مشتمل ایک خوفناک مرکز کھولا گیا ہے جسے ’’ سیونٹینتھ ڈور ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس میں داخل ہونے سے قبل کسی بھی نقصان کی صورت میں خود ذمے دار ہونے کے کاغذات پر دستخط کرنا پڑتے ہیں۔

اس آسیب زدہ گھر میں ہالی ووڈ کی خونی فلموں کی طرح انسان خور نیم مردہ افراد بھی ہیں تو تیز دھار آلات سے جانوروں کو لہولہان کرتے ہوئے قصاب بھی جو اچانک سامنے آکر خوفزدہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہاں آنے والے کسی تماشائی کو کچھ ہوجانے کی صورت میں اس کی ذمے داری کمپنی پر عائد نہیں ہوتی۔ اس آسیب زدہ گھر میں موجود 17 کمرے فرضی ڈراؤنے خوابوں کی طرح پیش کیے گئے ہیں اور اس کا نام ’’پاؤلا ورلڈ‘‘ رکھا گیا ہے جہاں ایک کمرہ خون سے بھرا ملے تو دوسرے میں خون جمادینے والی سردی ہے، تیسرے کمرے میں گوشت کی بو رچی ملے گی اور جگہ جگہ بلائیں، خونی انسان اور دیگر مخلوقات کی بھرمار ہے جن میں سے بعض زنجیروں سے بندھے ہیں اور کچھ اصل کھونٹوں سے لٹکے ہوئے ہوں گے جو آپ کو قابو کرنے کی کوشش کریں گے.

اس خوفناک گھر میں آپ کو کوشش کرکے ہر کمرے کا دورازہ کھولنا ہوگا جس کے لیے خاص مشقت کی ضرورت ہوگی۔

اس خوفناک چیلنج کو عبور کرنے میں 32 منٹ لگتے ہیں اور لوگوں کی اکثریت خوف سے پیشاب کردیتی ہے۔ اگر آپ بہت گھبرا جائیں تو رحم کی اپیل کردیں تو سب کچھ بند ہوجائے گا اور آپ کو وہاں سے جلد نکلنے کا راستہ دیدیا جائے گا۔ کیلیفورنیا میں تفریح کے حوالے سے کھولے گئے اس خوفناک گھر کا ٹکٹ 20 سے 30 ڈالر یعنی 2 سے 3 ہزار پاکستانی روپے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔