آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ترک صدر اور وزیراعظم سے ملاقات

ویب ڈیسک  منگل 13 اکتوبر 2015

انقرہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترک صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کی جس میں ترک قیادت نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کو کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترکی کے صدر طیب اردوان اور وزیراعظم احمد داؤد سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

ترجمان کے مطابق ترک صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے ترک قیادت کو سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان ترکی کی مکمل مدد کرے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے ترک وزیردفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا جب کہ اس دوران آرمی چیف نے دفاعی شعبے میں تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔