رینجرز کا کورنگی میں ایم کیو ایم کے سیکٹر آفس پر چھاپہ، متعدد افراد گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 25 نومبر 2015
رینجرز نے سیکٹر انچارج، 3 یونٹ انچارج اور بلدیاتی امیدار سمیت 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا، ذرائع، فوٹو: فائل

رینجرز نے سیکٹر انچارج، 3 یونٹ انچارج اور بلدیاتی امیدار سمیت 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا، ذرائع، فوٹو: فائل

 کراچی: رینجرز نے ایم کیوایم کے کورنگی سیکٹر آفس پر چھاپے کے دوران سیکٹر انچارج اور  بلدیاتی امیدوار سمیت 10 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع متحدہ قومی موومنٹ کے سیکٹر آفس چھاپہ مارا، اس دوران رینجرز کی بھاری نفری نے سیکٹر آفس کے اطراف کے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا جب کہ کارروائی کے دوران سیکٹر انچارج اور 3 یونٹ انچارج سمیت بلدیاتی امیدوار اور کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق کورنگی سیکٹر آفس پر رینجرز کی کارروائی 20 منٹ تک جاری رہی اس دوران سیکٹر آفس اور اس میں موجود تمام افراد کی مکمل تلاشی لی گئی۔ ایم کیوایم ذرائع کے مطابق رینجرز کی کارروائی کے وقت سیکٹر آفس میں ذمہ داران سمیت 24 سے زائد کارکنان موجود تھے جو بلدیاتی انتخابات سے متعلق تیاریوں میں مصروف تھے جب کہ رینجرز نے کارروائی میں میں سیکٹر انچارج وسیم عرف شمع، 3 یونٹوں کے انچارج اور بلدیاتی امیدوار سمیت کئی کارکنان کو بھی حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ رینجرز کی جانب سے حراست میں لیے جانے والوں میں اصغر یعقوب، رفیق شیخ، ندیم اختر، ابراہیم اور آصف سمیت دیگر شامل ہیں، رینجرز کی کارروائی کے بعد ایم کیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی عامر معین پیرزادہ اورشیراز وحید سمیت کارکنان کی بڑی تعداد سیکٹر آفس پہنچ گئی۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ نے ایم کیوایم کے انتخابی دفاترپر چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف آج رینجرز ہیڈکوارٹرکے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے، ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق احتجاجی مظاہرے کافیصلہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس ہنگامی اجلاس میں کیاگیا جس کئ مطابق آج دوپہر 2 بجے لیاقت آباد نمبر10کے مقام سے پرامن احتجاجی مارچ کاآغاز کیاجائے گا جوکہ رینجرز ہیڈکوارٹر پر اختتام پذیر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔