سری لنکا میں سیریزنشریاتی حقوق کے تحفظ کی ضمانت

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 25 نومبر 2015
مقابلے نہ ہونے پرٹی وی آمدنی کا 60فیصد پی سی بی کے ہاتھ سے نکل جائے گا  فوٹو:اےایف پی/فائل

مقابلے نہ ہونے پرٹی وی آمدنی کا 60فیصد پی سی بی کے ہاتھ سے نکل جائے گا فوٹو:اےایف پی/فائل

لاہور: سری لنکا میں پاک بھارت سیریز نشریاتی حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہوگی، مقابلوں کا انعقاد پاکستان کرکٹ کے میڈیا رائٹس رکھنے والے چینل اور پی سی بی دونوں کیلیے فائدے کا سودا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ایم او یو کے تحت پاک بھارت سیریز یواے ای میں ہونا تھی لیکن بی سی سی آئی بضد رہا کہ مقابلے اس کے ملک میں ہی ہوں گے،سیکیورٹی صورتحال اور مالی امور کی وجہ سے یہ پیشکش پاکستان کیلیے قابل قبول نہ تھی، چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے پیر کو بھی واضح کیا کہ یہ ہماری ہوم سیریز ہے، ان حالات میں سری لنکا ایک متبادل نیوٹرل وینیو کے طور پر سامنے آیا، بھارت میں مقابلے ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی سے معاہدے کے حامل اسٹار اسپورٹس کے سواکوئی میچز نشر نہیں کرسکتا تھا،اگر پاکستان کی ہوم سیریز کا درجہ دیا جاتا تو بھی قانونی مشکلات پیش آتیں۔

پی سی بی سے میڈیا رائٹس کا 5 سالہ کنٹریکٹ کرنے والے ٹین اسپورٹس کو ایک معاہدے کے تحت سری لنکا میں تمام میچز نشر کرنے کا حق بھی حاصل ہے،بنگلہ دیش میں پریمیئر لیگ جاری ہے،ان حالات میں آئی لینڈز میں سیریز ہی تمام مسائل کا حل ثابت ہوسکتی تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان کا ٹین اسپورٹس سے کنٹریکٹ میں سب سے بڑا مالیاتی حصہ اس بات پر منحصر ہے کہ 5 سال میں بھارت کیخلاف 2ہوم سیریز بھی ہونگی،اگر روایتی حریفوں کے یہ باہمی مقابلے نہیں ہوتے تو نشریاتی حقوق کی آمدن کا 60فیصد پی سی بی کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔