پاکستان ہاکی کی تاریخ میں ’’عرفیت‘‘ کا رواج عام

موجودہ کپتان محمد عمران ’’مانی‘‘ اورشکیل عباسی’’شیرا‘‘ کے نک نیم سے معروف   فوٹو: فائل

موجودہ کپتان محمد عمران ’’مانی‘‘ اورشکیل عباسی’’شیرا‘‘ کے نک نیم سے معروف فوٹو: فائل

لاہور:  پاکستان ہاکی کی تاریخ میں ’’عرفیت‘‘ کا رواج عام ہے، شہباز سینئر کو’’لاڈا‘‘، طاہر زمان ’’صابا‘‘ اور انجم سعید کو ’’مرشد‘‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے،موجودہ کپتان محمد عمران ’’مانی‘‘ کے نک نیم سے معروف ہیں جبکہ شکیل عباسی کو ’’شیرا ‘‘ کہا جاتا ہے۔

لاڈا، گوگا، مرشد، صابا، ٹُھوواں، لاٹو، پنچایتی حقہ، شیرا، جانی یہ ہماری پنجابی فلموں کے نام نہیں بلکہ اپنے کھیل کے ذریعے دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرانے والے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں کے نک نیم ہیں۔ ’’ایکسپریس‘‘ کو مختلف ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قومی کھیل سے عالمی سطح پر پہچان بنانے والے پلیئرز کی عرفیت بھی خاصی دلچسپ ہیں، ماضی کی طرح اب بھی ان کھلاڑیوں کو اصل کے بجائے نک نیم سے ہی پکارا جاتا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ سیکریٹری شہباز احمد سینئر کے گھر والے اور قریبی دوست انھیں ’’لاڈا‘‘ کہتے ہیں،1994 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان خود بھی اپنا تعارف شہباز کے بجائے لاڈا کے نام سے ہی کراتے ہیں۔ ایسوسی ایٹ سیکریٹری انجم سعید کو ان کے چاہنے والے ’’مرشد‘‘ کے نام سے بلاتے ہیں، پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری نے اپنے ٹیبل پر مرشد کی تصویر رکھی ہوتی تھی، ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ان کی فوٹو کا دیدار نہیں کریں تو دن اچھا نہیں گزرتا۔ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان کا نک نیم ’’صابا‘‘ ہے، 2008 اولمپکس کے کوچ نوید عالم ’’وی ڈی‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔

سابق کپتان حنیف خان کو ’’اجی بھائی‘‘ کے نام سے بلایا جاتا رہا ہے۔ انٹرنیشنل کھلاڑی محمد رشید کا نک نیم، رشید ٹُھوواں ہے۔ سابق قومی کوچ دانش کلیم ’’گوگا‘‘، سابق کپتان محمد ندیم اینڈی، محمد عثمان ’’جانی‘‘،خواجہ جنید ’’جنی بھائی‘‘، ذیشان اشرف ’’شانی‘‘، موجودہ کپتان محمد عمران ’’مانی‘‘ اور شکیل عباسی ’’شیرا‘‘ کی عرفیت سے معروف ہیں، سابق گول کیپر سلمان اکبر ’’صلو بھائی‘‘، عرفان سینئر ’’فانا‘‘، کامران اشرف ’’کامی‘‘، سابق گول کیپر منصور احمد ’’پنٹو‘‘، پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اجمل خان ’’اجی‘‘، ایسوسی ایٹ سیکریٹری حبیب الرحمان ’’چھتی36‘‘، کرنل ظفر احمد خان’’کرنل ظفری‘‘ اور بریگیڈیئر حمید، ’’بریگیڈیئر حمیدی‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔