آر ایس ایس بھارت کی سب سے بڑی دہشت گرد جماعت ہے، سابق آئی جی پولیس مہاراشٹرا

ویب ڈیسک  جمعـء 27 نومبر 2015
بھارتی نظام کی کمزوری کی وجہ سے آر ایس ایس جیسی جماعتیں وجود میں آتی ہیں، سابق آئی جی پولیس. فوٹو: فائل

بھارتی نظام کی کمزوری کی وجہ سے آر ایس ایس جیسی جماعتیں وجود میں آتی ہیں، سابق آئی جی پولیس. فوٹو: فائل

کلکتہ: بھارت میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مذہبی عدم برداشت اور انتہا پسندی کے خلاف آوازیں اٹھنے کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق آئی جی پولیس نے تو راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کو ملک کی سب سے بڑی دہشت گرد جماعت قرار دے دیا ہے۔

کلکتہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق آئی جی پولیس مہاراشٹرا ایس ایم مشرف کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، آر ایس ایس کے کارکن دہشت گردی کے 13 مقدمات میں مجرم قرار دیئے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے دہشت گرد 2007 میں حیدر آباد کی مکہ مسجد بم دھماکا، 2006 اور 2008 میں میلا گاؤں میں ہونے والے بم دھماکوں اور سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکوں میں ملوث تھے اور اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آر ایس ایس بھارت کی سب سے بڑی دہشت گرد جماعت ہے۔

ایس ایم مشرف کا کہنا تھا کہ بھارتی معاشرے میں عدم برداشت کا معاملہ تو بہت پہلے سے چلا آ رہا ہے بلکہ ماضی میں تو عدم برداشت کے آج سے بھی زیادہ بڑے بڑے واقعات رونما ہوچکے ہیں لیکن سمجھ نہیں آ رہا کہ معاملے کو ابھی کیوں اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے نظام کی خرابی ہے کہ آر ایس ایس جیسی انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والی جماعتیں پروان چڑھتی ہیں اور پھر معاشرے میں اپنا اثرورسوخ بڑھا لیتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔