امریکی ریاست کولا راڈو میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک، 9 زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 نومبر 2015
ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور کے مقاصد کیا تھے، پولیس۔ فوٹو: رائٹرز۔

ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور کے مقاصد کیا تھے، پولیس۔ فوٹو: رائٹرز۔

واشنگٹن: امریکی ریاست کولاراڈو میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے جب کہ حملہ آور کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کولاراڈو میں واقع خاندانی منصوبہ بندی مرکز ’پلینڈ پیرنٹ ہڈ‘ میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر کے ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو ہلاک کردیا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے 5 گھنٹے تک آپریشن جاری رکھا اور حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ حملہ آور کے مقاصد کیا تھے اور نہ ہی اس کی ذہنی صورت حال کے حوالے سے کچھ معلوم ہو سکا ہے تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں پلینڈ پیرنٹ ہڈ کے کچھ سینٹرز میں اسقاط حمل کی خدمات انجام دینے کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کئے جا چکے ہیں اور اسقاط حمل کرنے پر 2 ڈاکٹرز کو قتل بھی کیا جا چکا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔