ڈاکٹر عاصم کے معاملے میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رؤوف صدیقی

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 نومبر 2015
دہشت گردوں کے علاج کے لئے نہ دباؤ ڈالا اور نہ کبھی ڈاکٹر عاصم کو فون کیا، رؤوف صدیقی۔ فوٹو: فائل

دہشت گردوں کے علاج کے لئے نہ دباؤ ڈالا اور نہ کبھی ڈاکٹر عاصم کو فون کیا، رؤوف صدیقی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ایم کیو ایم رہنما رؤوف صدیقی کا کہنا ہے کہ پیپلپز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، میری ان سے کبھی ملاقات ہوئی اور نہ ہی کبھی کسی کے علاج کے لئے دباؤ ڈالا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رؤوف صدیقی کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ پولیس ڈاکٹر عاصم کے مقدمے میں مجھے گرفتار نہ کر لے، ڈاکٹر عاصم کے الزامات بے بنیاد ہیں، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، دہشت گردوں کے علاج کے لئے نہ دباؤ ڈالا اور نہ کبھی ڈاکٹر عاصم کو فون کیا۔

قبل ازیں ایم کیو ایم رہنما رؤوف صدیقی نے سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی جمع کرائی جس پر جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں ایک بنچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم نے دہشت گردوں کو معاونت اور ان کے علاج و معالجے کے مقدمے میں ایم کیو ایم رہنما رؤوف صدیقی کو بھی نامزد کر رکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔