پاکستان سپر لیگ ’بڈز‘ کے معاملات تاخیر کا شکار

اسپورٹس رپورٹر  پير 30 نومبر 2015
مقامی نشریاتی ادارے سے معاہدہ بھی نہیں ہوا، دسمبر کے اوائل میں امور طے ہوجانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

مقامی نشریاتی ادارے سے معاہدہ بھی نہیں ہوا، دسمبر کے اوائل میں امور طے ہوجانے کا امکان۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی بڈزکے معاملات تاخیر کا شکار ہوگئے، مقامی نشریاتی ادارے کیساتھ معاہدے کو بھی حتمی شکل نہ دی جاسکی،ایک عہدیدار کے مطابق تمام امور دسمبر کے پہلے ہفتے میں مکمل کرلیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کا انعقاد فروری میں یواے ای میں کروانے کے لیے کوشاں ہے، بورڈ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ٹینڈرز میں فرنچائزز میں دلچسپی رکھنے والوں کو متعلقہ دستاویزات 13نومبر تک حاصل کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

بڈز جمع کروانے کی آخری تاریخ 18نومبر تھی، ٹیکنیکل پیشکشوں کو اسی روز کھولے جانا تھا، اگلے 3روز میں بڈز کے حوالے سے پریزینٹیشنز کے بعد صرف کوالیفائی کرنے والے اداروں کیساتھ معاملات آگے بڑھائے جانے تھے، آخری مرحلے میں فنانشل پیشکشوں کا جائزہ 24 نومبرکولیاجانا تھا لیکن ڈیڈلائن کو کئی روز گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، پی ایس ایل کے گلوبل میڈیا رائٹس فروخت ہوچکے، تاہم مقامی نشریات کے لیے معاہدے کوحتمی شکل نہیں دی جاسکی۔

اس حوالے سے ’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ سے بات کرتے ہوئے پی ایس ایل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ فرنچائزز کیلیے بڈز کے عمل میں کچھ تاخیر ہوئی ہے لیکن یقین دلاتا ہوں کہ تمام مراحل دسمبر کے پہلے ہفتے میں مکمل کرلیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ تیکنیکی لحاظ سے موزوں اداروں کا انتخاب کرکے کوالیفائی کرنے والوں کی فنانشل بڈز کھولنے کا کام ایک دو روز میں تکیمل تک پہنچانے کے بعد معاملات کو حتمی شکل دینے کی طرف بڑھیں گے، مقامی نشریاتی ادارے کا معاملہ بھی پیر کو طے کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔