متحدہ عرب امارات کے احمد خلیل سال کے بہترین فٹبال پلیئر قرار

اسپورٹس ڈیسک  پير 30 نومبر 2015
یہ صرف میری نہیں بلکہ تمام اماراتی افراد کی کامیابی ہے، احمد خلیل۔ فوٹو: اے ایف پی

یہ صرف میری نہیں بلکہ تمام اماراتی افراد کی کامیابی ہے، احمد خلیل۔ فوٹو: اے ایف پی

دہلی: متحدہ عرب امارات کے احمد خلیل نے سال کے بہترین ایشین فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

بھارتی دارالحکومت میں منعقدہ اے ایف سی ایوارڈ کی رنگارنگ تقریب میں فلمی ستاروں کی پرفارمنس نے ماحول کو گرمائے رکھا، ٹاپ ایوارڈ کیلیے احمد خلیل کو ہموطن عمر عبدالرحمان اور چینی پلیئر ژینگ ژی کے چیلنج کا سامنا تھا، اے ایف سی کے چیف شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ نے تقریب میں ایوارڈ ان کے سپرد کیا۔ خلیل نے اس موقع پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف میری نہیں بلکہ تمام اماراتی افراد کی کامیابی ہے، چینی پلیئر دوسرے نمبر پر رہے، جنوبی کورین فارورڈ سون ہیونگ من نے انٹرنیشنل پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ اپنے نام کیا۔

برازیل کے ریکارڈو گولارٹ کوبہترین غیرملکی کا اعزاز ملا، دیگر اعزازات میں آسٹریلیا کے اینگے پوسٹ گوکلو کو سال کا بہترین کوچ منتخب کیاگیا، ان کی زیرکوچنگ سوکروز نے رواں برس کے آغاز پر ایشین کپ جیتا تھا، جاپان سے تعلق رکھنے والی ایساکو ٹاکا کورا کو بہترین خاتون کوچ کے اعزاز سے نوازاگیا، اس کے علاوہ اے ایف سی ڈریم ایوارڈ جاپانی فٹبال ایسوسی ایشن کے کونیا ڈیانی کو پیش کیاگیا، انھیں یہ ٹرافی آل انڈیا فٹبال کے پرافل پٹیل نے پیش کی، اس موقع پر اے ایف سی چیف شیخ سلمان نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔