لاہور میں دن نیوز چینل کے باہر کریکر حملہ، 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی

ویب ڈیسک  منگل 1 دسمبر 2015
2 موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کریکر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار اور ایک نجی سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا، فوٹو: فائل

2 موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کریکر حملہ کیا جس میں 2 پولیس اہلکار اور ایک نجی سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا، فوٹو: فائل

لاہور: گلبرگ میں دن نیوز چینل کے باہر موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے کریکر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے دن نیوز چینل کے دفتر کے باہر کریکر پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب کہ اس کے نتیجے میں نیوز چینل کی سیکیورٹی پر مامور2پولیس اہلکار اور چینل کا نجی  سیکیورٹی  گارڈ زخمی ہو گئے ۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لےکر قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے دھمکی آمیز پمفلٹ بھی ملا ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ نے واقعے کے بعد تمام میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل لاہور میں واقع تمام میڈیا ہاؤسز کو نامعلوم افراد کی جانب سے دھکمیاں دی گئی تھیں جس کے  بعد تمام میڈیا ہاؤسز کے  باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔