ماہرین آثارِقدیمہ کا آسٹریا سے خلائی مخلوق کا موبائل دریافت کرنے کا دعویٰ

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جنوری 2016
نوکیا فون کی طرح مٹی سے بنے اس عجیب و غریب موبائل پر خط میخی میں نمبر کھدے ہوئے ہیں۔

نوکیا فون کی طرح مٹی سے بنے اس عجیب و غریب موبائل پر خط میخی میں نمبر کھدے ہوئے ہیں۔

لندن: ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک عجیب و غریب دعویٰ کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مٹی اور گارے سے بنا 800 سال پرانا ایک موبائل فون دریافت کیا ہے جس کے نمبر بٹن پر کیونیفارم (خطِ میخی) میں الفاظ درج ہیں۔

ماہرین کو ملنے والا موبائل فون دیکھنے میں نوکیا کے مشہور ماڈل 3310 کی طرز کا ہے جب کہ خلائی مخلوق اور اڑن طشتریوں پر تحقیق کرنے والے افراد کا اصرار ہے کہ کائنات میں موجود کسی خلائی مخلوق نے سیکڑوں برس قبل زمین کا دورہ کیا تھا اور یہ موبائل فون انہیں سے تعلق رکھتا ہے۔  اس پر یوٹیوب کے چینل پیرانارمل کروسیبل پر اس ضمن میں ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں اس فون نما شے کو دکھایا گیا ہے۔

اس موبائل فون پر جو رسم الخط کندہ ہیں وہ کیونیفارم یا قدیم سومیری اندازِ تحریر ہے اور یہ تحریر خود ہزاروں سال قدیم ہے۔ اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق پر یقین رکھنے والے اور اس پر ایک ویب سائٹ چلانے والے ماہر کے مطابق خلائی مخلوق زمین پر آتی رہتی ہیں جب کہ سیل فون نما اس شے کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ خلائی مخلوق ہم سے بھی زیادہ قابل اور ترقی یافتہ ہیں۔ اس حوالے سے ایک اور ماہر نے اس شے کو درست مانتے ہوئے کہا ہے کہ خلائی مخلوق زمین پر امن چاہتی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔