اب فیس بک میسنجر میں چھپا شطرنج بھی کھیلیں

ویب ڈیسک  جمعرات 4 فروری 2016
فیس بک پر اپنے دوست کے ساتھ شطرنج کھیلتے دوران اپنے دوست سے گفتگو بھی کی جاسکتی ہے۔ فوٹو فائل

فیس بک پر اپنے دوست کے ساتھ شطرنج کھیلتے دوران اپنے دوست سے گفتگو بھی کی جاسکتی ہے۔ فوٹو فائل

سان فرینسسکو: فیس بک نے اپنے میسنجر میں پوشیدہ خفیہ گیم کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس کے صارفین میسج کے دوران وہ اپنے دوست کے ساتھ شطرنج بھی کھیل سکتے ہیں۔

آپ فیس بک پر چیٹنگ کے دوران @fbchess play لکھ کر بھیجیں گے تو میسنجر میں آپ کے اور دوست کے درمیان شطرنج کی بساط نمودار ہوجائے گی،  اسی طرح اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ پریہ موبائل میسنجر ایپ کے لیے بھی کارآمد ہے، یہ گیم کمانڈ کے ذریعے چلتا ہے اور اس میں کمانڈ کا بطورِ خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

اس کے بعد آپ مہروں کا رنگ بھی تبدیل کرسکتے ہیں لیکن ڈیفالٹ کے لحاظ سے کھیل شروع کرنے والے کے مہرے ’’سفید ‘‘ رنگ کے نظر آتے ہیں اگرچہ گیم شروع کرنا تھوڑا مشکل ہوتا ہے لیکن اس سے واقفیت کے بعد افقی سطح پر انگریزی حروف اے بی سی ڈی لکھے نظر آتے ہیں جو کالم کو ظاہر کرتے ہیں  جب کہ عمودی انداز میں نمبر لکھے ہیں یعنی ایک، دو، تین وغیرہ اب مہروں کو خانوں میں بڑھانے کےلیے الجبرا انداز میں کمانڈ لکھی جاتی ہیں۔ مثلا K سے کنگ (بادشاہ)، Q سے کوئن (ملکہ یا وزیر) اور N سے (نائٹ یعنی گھوڑا) اگر گیم میںP لکھیں گے تو پیادے (سپاہی) بھی آگے بڑھیں گے، اس کے علاوہ رخ یا قلعے کی کمانڈ کے لیے R لکھا جائے گا۔

فیس بک پر شطرنج کھیلتے ہوئے خیال رہے کہ کمانڈ بالکل درست ہوں ورنہ وہ کام نہیں کرے گی۔ اب اگر آپ بائیں جانب موجود پیادے کو حرکت دینا چاہتے ہیں تو @fbchess b3 لکھ کر ٹائپ کریں اور اس طرح دھیرے دھیرے آپ کو گیم سمجھ آنا شروع ہوجائے گا۔ اسی طرح اگر گیم کھیلنے میں کوئی مشکل پیش آرہی ہے تو خود فیس بک سے مدد لی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے fbchess help@ لکھ کر آپ تمام ہدایات حاصل کرسکتے ہیں۔

شطرنج کھیلتے دوران آپ اپنے دوست سے گفتگو بھی جاری رکھ سکتے ہیں بالکل ایسے ہی جیسے آمنے سامنے بیٹھ کر شطرنج کھیلتے ہوئے بات کی جاتی ہے۔ فیس بک نے  FBChess کے نام سے ایک نئی ایپ بھی تیار کرلی ہے جو صرف دوستوں کو شطرنج کھیلنے کی دعوت دیتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔