اب ورلڈ کپ کے تباہ کن اسپیل کو بھول جاؤ؛ وسیم کا وہاب کو مشورہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 5 فروری 2016
اسپیڈ تو ہے مگر سوئنگ نہیں، جلد سے جلد اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے، سابق اسٹار۔ فوٹو:فائل

اسپیڈ تو ہے مگر سوئنگ نہیں، جلد سے جلد اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے، سابق اسٹار۔ فوٹو:فائل

دبئی:  سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے وہاب ریاض کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اب ورلڈ کپ کے تباہ کن اسپیل سے باہر آجائیں۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ وہاب کے پاس اسپیڈ تو ہے مگر سوئنگ نہیں، انھیں یہ بات ذہن میں رکھنا چاہیے کہ وہ ورلڈ کپ 2015 کے اپنے ایک اوور میں کھوئے ہوئے نہیں رہ سکتے، اگر وہ خود کو پاکستان کے فرسٹ چوائس بولرز میں موجود رکھنا چاہتے ہیں تو انھیں جلد سے جلد اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے۔

محمد عامر کے بارے میں وسیم نے کہا کہ اگرچہ انھوں نے اچھی بولنگ کی مگر چند مواقعوں پر ردھم میں دکھائی نہیں دیئے، مجھے یقین ہے کہ وہ چند مزید انٹرنیشنل میچز کھیل کر اپنی پرانی فارم میں واپس آجائیں گے۔

ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ اس ایونٹ کے بارے میں کوئی پیشگوئی کرنا بہت مشکل ہوگا کیونکہ ایک اوور یا ایک کیچ نقشہ بدل سکتا ہے، پاکستان ٹیم اگرچہ نیوزی لینڈ میں اچھا پرفارم نہیں کرپائی مگر بھارتی کنڈیشنز اس کیلیے موزوں ہیں، میرے خیال میں اس ایونٹ میں کسی ایشیائی ٹیم کو ہی فیورٹ ہونا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔