پنجاب اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طورپرمنظور

ویب ڈیسک  جمعـء 5 فروری 2016
قرارداد میں بھارت سے نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرنے اور مقبوضہ وادی سے اپنی قابض افواج کو نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ فوٹو؛فائل

قرارداد میں بھارت سے نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرنے اور مقبوضہ وادی سے اپنی قابض افواج کو نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ فوٹو؛فائل

 لاہور: پنجاب اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طورپرمنظور کرلی گئی جس میں بھارت سے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر ظلم بند کرنے اور قابض افواج کو نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب مشترکہ طور پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد جمع کرائی گئی جو متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا جب کہ قرارداد میں بھارت سے نہتے کشمیریوں پر ظلم بند کرنے اور مقبوضہ وادی سے اپنی قابض افواج کو نکالنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرارداد میں مزید مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے کرایا جائے، قرارداد میں عالمی برادری سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ خطے میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کےلیے بھارت پردباؤ ڈالا جائےجب کہ قرارداد میں پنجاب اسمبلی کی جانب سے کشمیریوں کو اپنی اخلاقی اور سیاسی حمایت کا یقین دلایا گیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میرے نزدیک کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے ، جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادے کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، پاکستان اور بھارت کو جموں و کشمیرسمیت اپنے تمام تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی ، سفارتی اورسیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے جب کہ 5 فروری کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے لیے غیرمتزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا حقیقی موقع فراہم کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔