پی ایس ایل؛ کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 5 فروری 2016
شکیب الحسن کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ فوٹو:پی ایس ایل

شکیب الحسن کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ فوٹو:پی ایس ایل

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی کے سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 126 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کراچی نے 16 ویں اوور میں میچ اپنے نام کیا۔ نومان انور اور لینڈل سیموئل نے اننگز کا آغاز کیا، نومان پہلے اور وینس دوسرے  اوور میں بالترتیب 0 اور 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم سیموئل نے شکیب الحسن کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 109 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا، شکیب الحسن 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے، سیموئل 62 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ لاہور کی جانب سے ضیا الحق، ظفر گوہر اور ڈیلپورٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کرس گیل اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے ہی اوور میں کرس گیل شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ جبکہ پانچویں اوور کی آخری گیند پر دوسرے اوپنر اظہر علی   18 رنز بنا کر  شکیب الحسن کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے ۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کیمرون ڈیل پورٹ 17 رنز بنا سکے،  صہیب مقصود بھی 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،لاہور کی جانب سے محمد رضوان 37 رنز بنا کر سرفہرست رہے۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر نے انیسویں اوور میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے مسلسل تین گیندوں پر براؤؤ، زوہیب اور کوپر کو آؤٹ کرکے پی ایس ایل کی پہلی ہیٹ ٹرک کی جب کہ شعیب ملک، سہیل تنویر، شکیب الحسن اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔