سونو نگم کی وجہ سے 5 ایئر ہوسٹس نوکری سے فارغ

ویب ڈیسک  جمعـء 5 فروری 2016

نئی دلی: کبھی کبھی دل کے ہاتھوں مجبور ہونا حقیقت میں بڑا مہنگا ثابت ہوتا ہے ایسا ہی کچھ ہوا بھارت میں جہاں پرواز کے دوران مسافروں کی جانب سے گانا سنانے کے مطالبے پر مسحور کن آواز کا جادو جگانے والے سونو نگم نے عملے کا مائیک استعمال کرتے ہوئے گانا تو سنادیا لیکن اسے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انتظامیہ نے 5 ایئر ہوسٹس کو نوکری سے فارغ کردیا۔

سونو نگم دیگر مسافروں کے ساتھ جود پور سے ممبئی کے لیے محو سفر تھے کہ مسافروں نے ان کی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گانا سنانے کی درخواست کردی جس پر گلوکار انکار نہ کرسکے اور فلائٹ اسٹاف کے اناؤئنسمنٹ مائیک کا استعمال کرتے ہوئے ایک نہیں بلکہ دو دو گانے سنا ڈالے اور انہیں خوب محظوظ کیا اور ان کی داد بھی وصول کی لیکن جہاز کے عملے کو ایسا کرنا بہت منہگا پڑ گیا۔ جیسے ہی سونو کی دوران پرواز گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جیٹ ایئر ویز کی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 5 ائیر ہوسٹس کو نوکری سے فارغ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا کمپنی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے خلاف ہے۔

سونو نگم کے گانے کے دوران مسافر اتنے لطف اندوز ہوئے کہ انہوں نے بھی گانا شروع کردیا جس پر اداکار کو کہنا پڑا کہ واہ بھی آپ بھی گاتے ہیں، سب ہی لوگ سنگر ہیں۔ لیکن یہ مزہ اہئر ہوسٹس کے لیے سزا ثابت ہوا اور سول ایوی ایشن نے اسے غیر قانونی قراردیے دیا اور کہا کہ اس طرح پورا اناؤئنسمنٹ سسٹم کسی مسافرکو دینا انتہائی خطرناک ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ پرواز پر موجود ایئر ہوسٹس کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔