حکومتی کوششوں سے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 3 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 فروری 2016
گزشتہ 6 ماہ میں 1385 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جب مالی خسارہ بھی 4.3 فیصد تک لائیں گے، وزیر خزانہ، فوٹو؛فائل

گزشتہ 6 ماہ میں 1385 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جب مالی خسارہ بھی 4.3 فیصد تک لائیں گے، وزیر خزانہ، فوٹو؛فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومتی کوششوں سے ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اب 7 لاکھ کے بجائے 10 لاکھ ٹیکس دہندگان ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جب حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ٹیکس دہندگان کی تعداد 7 لاکھ تھی لیکن ہماری کوششوں کے بعد ٹیکس دینے والوں میں 3 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جب کہ گزشتہ 6 ماہ میں 1385 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم ٹیکس ادائیگی اسکیم آرڈیننس کے بجائے بل کے ذریعے لائے، ٹیکس نیٹ سے باہر جانے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا جب کہ  مالی خسارہ 4.3 فیصد تک لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کی منظوری کے بعد رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی اسکیم کا اطلاق ہوچکا ہے  لیکن ارکان پارلیمنٹ رضاکارانہ ٹیکس اسکیم سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔ ان کہنا تھا کہ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات میں بیرونی سرمایہ کاری تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی جس کے بعد امید ہے کہ عالمی بینک کے صدر کے آئندہ دورے میں پاکستان کے ساتھ عالمی بینک کے اقتصادی تعاون کو نئی جہت ملے گی ۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت نے مردم شماری کے لیے مکمل تیاری کرلی ہے اور اسے مقررہ وقت پر کرانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانے اور محفوظ مردم شماری کے لیے مسلح افواج  سے مشاورت اور ان کی مدد ضروری ہے اور اسی سلسلے میں  پاکستان بیورو برائے شماریات  کو متعلقہ حکام سے رابطے اور 3 دن کے اندر مکمل لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں  جب کہ ان سے  فوج کی درکار کا بھی پوچھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔