پی ایس ایل؛ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 فروری 2016 Read in English Version

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا مسلسل دوسرا میچ اپنے نام کیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا جو کوئٹہ نے 18ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، لک رائٹ اور احمد شہزاد نے کوئٹہ کو 92 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، لک رائٹ 4 چوکوں اور 2 چھکوں کے ساتھ 47 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی، وہ 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ کیون پیٹرسن 17 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آوٹ رہے۔ کراچی کی جانب سے اماد وسیم اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، لینڈل سیموئل اور نعمان انور نے اننگز کا آغاز کی تاہم نعمان انور پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جب کہ سیموئل بھی 11 رنز بنا کر محمد نواز کا نشانہ بنے، جیمز وینس نے شکیل الحسن کے ہمراہ تیسری وکٹ کےلیے 23 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن وینس 30 اور شکیب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان شعیب ملک اور روی بوپارا نے پانچویں وکٹ کے لیے 69 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، شعیب ملک 37 اور بوپارا 40 رنز بنا کرآوٹ ہوئے، کوئٹہ کی جانب سے انور علی اور محمد نبی نے 2،،2 جب کہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔