ڈین جونزبھی پاکستانی نوجوان کرکٹرز کے معترف

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 7 فروری 2016
رومان اور اصغر نے متاثر کیا، سعید کا فارم میں آنا مثبت ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کوچ۔فوٹو: فائل

رومان اور اصغر نے متاثر کیا، سعید کا فارم میں آنا مثبت ہے،اسلام آباد یونائیٹڈ کوچ۔فوٹو: فائل

دبئی:  اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کوچ ڈین جونز پاکستانی ٹیلنٹ کے معترف ہوگئے، انھوں نے پی ایس ایل میں شامل نوجوان کرکٹرز کی پرفارمنس کو سراہا ہے۔

سابق بیٹسمین نے کہا کہ اب تک کے میچزمیں نوجوان پاکستانی کرکٹرز کی صلاحیتوں نے مجھے خاصا متاثر کیا، بائیں ہاتھ کے بولر رومان رئیس کافی اچھے ہیں۔ وہ  دباؤکے دوران کافی پُرسکون رہتے ہیں، میرے خیال میں وہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں، ڈین جونز نے پشاور زلمی کے جواں سال لیفٹ آرم اسپنر اصغر علی کو بھی سراہا، انھوں نے کہا کہ حریف اسپنر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہاں اُبھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا مواقع فراہم کیا گیا ہے اس وجہ سے ہمیں رئیس اور اصغر جیسے نوجوان کھلاڑی ملے،انھوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ کہ پاکستان میں اتنے بائیں ہاتھ کے بولرز کیسے موجود ہیں۔

محمد عامر، وہاب ریاض، رئیس اور جنید خان بیحد باصلاحیت ہیں،ڈین جونز نے تجربہ کار سعید اجمل کی پرفارمنس کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے سب سے مثبت قرار دیا، کوچ نے کہا کہ جادوگر اسپنر کا فارم میں واپس آنا کافی اہمیت رکھتا ہے، یہ ہماری ٹیم اور پاکستان دونوں کے لیے خوش کن ہے۔

ان کا تجربہ کامیابی کی کنجی ہے، ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست پر ڈین جونز نے کہا کہ پشاور زلمی سے ہارنے کے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں، یہ کوئی اچھا آغاز نہیں لیکن ہمیں بس ایک اچھے میچ کی ضرورت ہے ، ابھی پورا ٹورنامنٹ باقی ہے، ہمیں پلے آف کیلیے کوالیفائی کرنے کیلیے بہتر کھیل دکھانا ہوگا، کوشش کررہے ہیں کہ ہمارے بیٹسمین آزادانہ طور پر کھل کر کھیلیں اور جوش و جذبے کا مظاہرہ کریں، انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان چند پلیئرز کی ضرورت ہے جو ہمارے لیے رنزبنا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔