ایپل، فیس بک اور مائیکروسوفٹ کی فی سیکنڈ مجموعی آمدنی 2 ہزار ڈالر ہے، سروے

ویب ڈیسک  پير 8 فروری 2016
تینوں کمپنیاں ایک منٹ میں ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر سے زائد رقم کمارہی ہیں جن میں ایپل کا حصہ 50 فیصد ہے۔

تینوں کمپنیاں ایک منٹ میں ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر سے زائد رقم کمارہی ہیں جن میں ایپل کا حصہ 50 فیصد ہے۔

سان فرینسسکو: امریکی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق ایپل، مائیکروسوفٹ اور فیس بک کمپنیاں مشترکہ طور پر 2 ہزار ڈالر فی سیکنڈ کمارہی ہیں اور ان میں سے 50 فیصد سے زائد رقم ایپل کے حصے میں آرہی ہے۔

امریکی ادارے ٹیکس جسٹس کا کہنا ہےکہ ٹیکنالوجی سے وابستہ مشہور کمپنیاں کم ازکم سال میں 90 ارب ڈالر کا ٹیکس ادا نہیں کرتیں اور وہ اس کے لیے مختلف حربے استعمال کرتی ہیں۔ کمپنی کے مطابق ایپل، ایلفابیٹ، مائیکروسوفٹ اور فیس بک فی منٹ ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر رقم بنارہی ہیں جب کہ فیس بک کے اثاثوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کیونکہ 2015 کی ابتدا میں اس کے اثاثے 3.85  ارب ڈالر تھے جو اب 5.84 ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ایپل کے رواں ہفتے کے اثاثے 547 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ 4 کمپنیاں دولت کمانے میں دنیا کی تمام تیل کی کمپنیوں سے بھی آگے ہیں اور ان کی دولت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ کمپنی سروے کے مطابق ٹویٹر کمپنی اسٹاک بازار میں زیرِ گردش حصص کی 45 فیصد آمدنی اپنے ملازمین کو دیتی ہے اور گزشتہ برس اس نے اپنے ملازمین کو تنخواہوں اور فائدے کی مد میں 631 ملین ڈالر دیئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔