ویسٹ انڈیز نے اندڑ 19 ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں پاکستان کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  پير 8 فروری 2016
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ اور شمپران ہیٹ میئر نے نصف سنچریاں اسکور کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: آئی سی سی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ اور شمپران ہیٹ میئر نے نصف سنچریاں اسکور کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ فوٹو: آئی سی سی

فتح اللہ: اندڑ 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے کر گرین شرٹس کو واپسی کا پروانہ تھما دیا۔

بنگلا دیش کے شہر فتح اللہ کے خان صاحب علی عثمان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 228 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر40 اوورز میں  حاصل کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیون املاچ اور شمپران ہیٹ میئر نے نصف سنچریاں اسکور کر کے فتح میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 54 اور 52 رنز کی اننگز کھیلیں۔ شمر اسپرنگر نے 37، جیڈ گولی نے 26 اور گڈرون پوپ نے بھی 25 رنز کی اننگز کھیلیں، پاکستان کی جانب سے سمین گل، احمد شفیق اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان ذیشان ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پاکستان کے ابتدائی 5 بلے باز صرف 57 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد عمیر عثمان اور سلمان فیاض نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 221 رنز تک پہنچا دیا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 164 رنز کی شراکت ہوئی۔ عمیر مسعود نے 2 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ سلمان فیاض نے بھی 58 رنز اسکور کئے اور مقررہ 50 اوورز میں ٹیم کا اسکور 227 رنز تک پہنچا دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چیمر ہولڈر نے 2 جب کہ الزری جوزف، شمر اسپرنگر، رین جون اور کیمو پال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔