ترکی کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی 2 کشتیاں الٹنے سے 35 افراد ہلاک

اے ایف پی/ویب ڈیسک  پير 8 فروری 2016
جنوری کے مہینے میں ترکی سے یونان جانے کی کوشش کرنے والے 360 تارکین وطن سمندر کی موجوں کی نذر ہوئے۔ آئی او ایم، فوٹو؛ فائل

جنوری کے مہینے میں ترکی سے یونان جانے کی کوشش کرنے والے 360 تارکین وطن سمندر کی موجوں کی نذر ہوئے۔ آئی او ایم، فوٹو؛ فائل

استبول: ترکی کی سرحد سے سمندر کے راستے یونان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی 2 کشتیاں دونوں ممالک کی سمندری حدوود میں الٹ جانے سے 35 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ 4 کو بچالیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے سرحدی علاقے بالی کیسر سے یونان کی طرف جانے والی کشتی ایدریمت کے مقام پر سمندر میں الٹ گئی جس میں سوار 24 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ ترک کوسٹ گارڈ نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو بچا لیا۔ دوسرے واقعے میں ترکی کے جنوب میں واقع پورٹ سٹی ازمیر سے یونان کی جانب جانے والی تارکین وطن کی ایک اور کشتی الٹ گئی جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے تاہم ترک کوسٹ گارڈ نے 3 افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے مطابق صرف جنوری کے مہینے میں ترکی سے یونان جانے کی کوشش کرنے والے 360 تارکین وطن سمندر کی موجوں کی نذر ہوچکے ہیں جب کہ ترکی میں بسنے والے تارکین وطن کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

ادھر تارکین وطن کی یورپ آمد کو کم کرنے سے متعلق جرمنی چانسلر انجیلا مرکل اور ترک اعلی حکام کا اجلاس ہوا جس میں تارکین وطن کو بسانے سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔