سی پیک کوایٹمی پروگرام کی طرح تحفظ دیں گے،احسن اقبال

خصوصی رپورٹر  منگل 9 فروری 2016
پاکستان کی سیاسی قیاد ت قومی سطح کے منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کر سکتی ہے، وفاقی وزیر  فوٹو فائل

پاکستان کی سیاسی قیاد ت قومی سطح کے منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کر سکتی ہے، وفاقی وزیر فوٹو فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مغربی روٹ سی پیک کاحصہ ہے، اس کے خلاف پروپیگنڈا سازش ہے، ایٹمی پروگرام کی طرح اس کی حفاطت کریں گے، بغیر تحقیق کے حقائق توڑ مڑور کر پیش کرناقومی جرم ہے، میڈیا تنازعات کی حوصلہ شکنی کرے۔

یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیاد ت قومی سطح کے منصوبوں پر اتفاق رائے پیدا کر سکتی ہے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے حقائق کو توڑ مروڑ کرپیش کیا جا رہا ہے، مغربی روٹ پر چین کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کے حوالے سے باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، عمران خان دھرنے کی سیاست کو ترک کر دیں، اب ۔گھیراؤ جلاؤ کی سیاست نہیں بلکہ محنت کی سیاست چلے گی

چند سیاسی عناصر پی آئی اے ملازمین کو گمراہ کر رہے ہیں، جن لوگوں کے مفت کے ٹکٹ اورچوری ختم ہو رہی ہے وہ نجکاری کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ملکی معیشت کے لیے آب حیات ہے، صوبوں کے اتفاق رائے کے بغیر اس منصوبے کو مکمل نہیں کیاجا سکتا، یہ قومی منصوبہ ہے، بدخواہ اس کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے بدگمانی پیدا کی جا رہی ہے۔

اقتصادی راہداری کی حفاظت ایٹمی پروگرام کی طرح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی روٹ پر چین کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کے حوالے سے باتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، ہم نے تو اس کا نقشہ بھی پیش کیا تھا، لوگوں نے اسے بھی متنازع بنا دیا ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان کو جنوبی ایشیا سے ملایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پی آئی اے کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، موجودہ حکومت نے پی آئی اے کے بیڑے کو 38تک پہنچا دیا ہے جو 2013میں 18قریب تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔