جوتا تنازع ؛ مچل مارش کے آؤٹ پرآسٹریلوی ٹیم چراغ پا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 9 فروری 2016
فیلڈ امپائرز بڑی اسکرین کی مدد سے فیصلے کرنے کے الزام کی زد میں آگئے ۔  فوٹو : فائل

فیلڈ امپائرز بڑی اسکرین کی مدد سے فیصلے کرنے کے الزام کی زد میں آگئے ۔ فوٹو : فائل

ہیملٹن:  نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش کے آؤٹ پر تنازع کھڑا ہو گیا کینگروز اس پر چراغ پا ہو گئے ،فیلڈ امپائرز بڑی اسکرین کی مدد سے فیصلہ کرنے کے الزام کی زد میں آگئے، آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ ہمیں فیصلے نہیں اس کے طریقہ کار پر اعتراض ہے، کیوی قائد میک کولم نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے باقاعدہ اپیل کی تھی، آفیشلز کے طریقہ کار سے متفق نہیں ہوں۔

تفصیلات کے مطابق247رنز کے تعاقب میں153پر5وکٹیں گرنے کے باوجود آسٹریلوی امیدیں مچل مارش کی صورت میں برقرار تھیں، مگر وہ حیران کن حالات میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ، میٹ ہینری نے مارش کے خلاف اسٹریٹ ڈلیوری پر گیند واپس اپنے ہاتھ میں آنے پر سمجھا کہ وہ بیٹسمین کے جوتے سے ٹکرا کر آئی ہے، اس لیے رسمی طور پر کیچ کی اپیل کی۔

جس پر فیلڈ امپائر ای این گولڈ نے اسکرین پرری پلے دیکھنے کے بعد ساتھی آفیشل سے مشاورت کے بعد تھرڈ امپائر سے رجوع کیا،ری پلیز سے ظاہر ہوا کہ گیند جوتے سے ٹکرانے کے بعد بیٹ کا کنارہ چھوتی ہوئی ہینری کے ہاتھوں میں واپس آئی، جس پر انھیں آؤٹ قرار دیا گیا۔

آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ کیویز کی جانب سے اپیل کی ہی نہیں گئی تھی، اگر چہ مارش آؤٹ تھے مگر اس کے لئے جو طریقہ کا ر اختیار کیا گیا وہ غلط ہے۔ کیوی کپتان میک کولم نے کہا کہ ہمارے چند پلیئرز نے اپیل کی تھی تاہم طریقہ کار درست نہیں تھا، بڑی اسکرین پر دیکھ کر فیصلے نہیں کیے جا سکتے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔