دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کرحکومتی رٹ بحال کردی، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  منگل 9 فروری 2016

پشاور: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کرحکومتی رٹ بحال کردی ہے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں خصوصی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، گورنر مہتاب عباسی، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدیات الرحمان سمیت سینئر حکام نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت اورفاٹا کے آئی ڈی پیزکی دوبارہ اپنے آبائی علاقوں میں بحالی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کوان کی پناہ گاہوں سےنکال کرحکومتی رٹ بحال کردی ہے، دہشت گردوں اوران کےسہولت کاروں کوواپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ قبائلی بھائیوں سے ملکر یقینی بنائیں گےکہ دہشتگرد اور سہولت کار واپس نہ آسکیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے خیبر پختونخوا اورفاٹا کے لوگوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختون خوا کے عوام دہشت گردوں کے مظالم کے آگے ڈٹے رہے، انہوں نے دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل کر معاشرے میں تنہا کردیا۔ فاٹا اورخیبر پختون خوا کے عوام  کے اس اقدام کو سراہاجانا چاہیے۔  ہم جنگ سےمتاثرہ علاقوں اور افرادکی بحالی کےمشکل مرحلےمیں داخل ہوچکے ہیں۔ فریقین بحالی میں درپیش رکاوٹیں دورکرکےمنصوبوں کی بروقت تکمیل کریں۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ قبائلی بھائیوں سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا، ٹی ڈی پیز کو برقت اور باعزت طریقےسے گھروں میں آباد کیاجائے گا۔ متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے جلد از جلد کام کیا جائے گا۔ جنگ سےمتاثرہ گھروں کی تعمیر اور آئی ڈی پیز کی بحالی کی جا رہی ہے۔ یہاں عوامی ضروریات،خواہشات پرتوجہ دینے والا انتظامی سسٹم بنایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔