گووندا نے مداح کو تھپڑ مارنے پر 8 سال بعد معافی مانگ لی

ویب ڈیسک  منگل 9 فروری 2016
گووندا کے مداح نے تھپڑ مارنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر بھارتی اداکار کو معافی مانگنا پڑی۔ فوٹو؛فائل

گووندا کے مداح نے تھپڑ مارنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر بھارتی اداکار کو معافی مانگنا پڑی۔ فوٹو؛فائل

ممبئی: کبھی کبھار انسانی کی انا اسے بالآخر رسوا کرکے چھوڑتی ہے اور تب جا کر اسے احساس ہوتا ہے کہ کاش اس نے غلطی ہی نہ کی ہوتی ایسا ہی کچھ ہوا بھارتی اداکارگووندا کے ساتھ جنہوں نے 2008 میں ایک شخص کو فلم کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ مار دیا جس پر وہ شخص عدالت چلا گیا لیکن وہاں اس کی شنوائی نہ ہوئی تو وہ سپریم کورٹ پہنچ گیا جہاں آخر کار گووندا کو اپنی انا کی قربانی دے کر معافی مانگنا پڑ گئی تب جا کر وہ عدالتوں کے چکر سے جان چھوڑا سکے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2008 میں گووندا اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور ان کے کچھ مداح بھی اس شوٹنگ سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ  نہ جانے گووندا کو اپنے مداح پر کی کس بات پر غصہ آیا کہ انہوں نے اسے تھپڑ رسید کردیا جب کہ اس وقت تولوگوں نے بیچ بچاؤ کرکے معاملہ رفع دفع کرا دیا لیکن سنتوش نامی شخص نے اس کو اپنی بے عزتی تصور کرتے ہوئے گووندا کے خلاف ممبئی کی عدالت میں کیس دائر کردیا۔

متاثرہ شخص نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ گووندا کا مداح ہے اور وہ صرف ان کی شوٹنگ دیکھ رہا تھا لیکن گووندا نے یہ اقدام اٹھا کرمیرے دل میں اپنی ساری عزت ختم کرلی۔ ممبئی کی عدالت نے 2013 میں سنتوش کو یہ کہہ کر کیس ختم کردیا کہ اس نے واقعہ کے ایک سال بعد کیوں کیس دائر کیا تاہم سنتوش اس فیصلے پر مطمئن نہ ہوا اور 2015 میں انصاف کی تلاش میں بھارتی سپریم کورٹ پہنچ گیا۔

سپریم کورٹ  نے کیس کو قابل سماعت قرار دیا جب کہ سنتوش گووندا کے خلاف کرمنل سماعت کرانا چاہتا تھا لیکن بعد میں اس کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ اگر گووندا معافی مانگ لے تو کافی ہوگا جس پر گووندا نے سپریم کورٹ میں آکر سنتوش سے معافی مانگ لی اور یوں 8 سال بعد یہ کیس اپنے انجام پر پہنچ گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔