گرین لائن بس سروس 15ماہ میں شروع کردینگے،کمشنرکراچی

بزنس رپورٹر  بدھ 10 فروری 2016
عالمی بینک سے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پرجلد مذاکرات ہوں گے، کمشنرکراچی  فوٹو: فائل

عالمی بینک سے پانی کی فراہمی کے منصوبوں پرجلد مذاکرات ہوں گے، کمشنرکراچی فوٹو: فائل

 کراچی:  عالمی بینک کے ساتھ کراچی کیلیے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے مختلف منصوبوں پر جلد  مذاکرات شروع کیے جائیں گے،گرین لائن بس سروس کا آغاز 13سے 15ماہ میں کردیاجائیگا۔

یہ بات کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ نے منگل کوکاٹی کے ظہرانے میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ کاٹھور لنک سڑک پر کام پایہ تکمیل تک پہنچنے والا ہے، لیاری ایکسپریس وے کی تکمیل کیلیے کام میں تیزی لائی جارہی ہے، اطراف کی آبادیوں کو مسمار کرنے کاآغاز جلد کردیا جائے گا، شہر کی5 سے6 بڑی شاہراہوں پر اپ گریڈیشن اور تزین وآرائش کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کوبریفنگ دے دی، ان میں کورنگی صنعتی علاقے کی مرکزی شاہراہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے گرین بیلٹ کی الاٹمنٹ غیرقانونی ہے جنہیں منسوخ اور تجاوزات ہٹانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے، ڈی آئی جی ٹریفک سے مشاورت کے بعد جام صادق پل کو بھاری ٹریفک کیلیے بند کرنے کے احکام دیں گے، ملیر ندی کی صفائی کے منصوبے پر کام جاری ہے، ندی میں کچرے کی ڈمپنگ روکنے کیلیے مختلف پوائنٹس پر چیک پوسٹوں کا قیام بھی زیر غور ہے۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر زاہد سعیدنے بھی خطاب کیا جبکہ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے بلدیاتی امور زبیر چھایا نے کورنگی صنعتی علاقے کے مسائل پر ملٹی میڈیا پریزنٹیشن دی۔لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹرینڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر زین بشیر، پورٹ قاسم انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے نوید شکور اور فیڈرل بی ایریا ایسوسی ایشن کے عابد عبداللہ نے بھی اپنے مسائل کمشنر کراچی کو بتائے۔ تقریب میں کاٹی کے سینئر نائب صدر سلیم الزماں، نائب صدر سید واجد حسین، سینیٹر عبدالحسیب خان، گلزار فیروز، فرخ مظہر، راشد صدیقی، اکبر فاروقی، فرحان الرحمان اور صنعت کاروں و تاجروںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔