ورلڈ ٹوئنٹی 20 اسکواڈ آج ’’نقاب کشائی‘‘ متوقع، امیدواروں کے دل کی دھڑکنیں تیز

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 10 فروری 2016
کسی ٹیم کے قابل نہ سمجھے جانے والے اوپنرخرم منظور کا نام بھی سامنے آگیا. فوٹو: اے ایف پی/فائل

کسی ٹیم کے قابل نہ سمجھے جانے والے اوپنرخرم منظور کا نام بھی سامنے آگیا. فوٹو: اے ایف پی/فائل

 لاہور:  ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے قومی اسکواڈ کی ’’نقاب کشائی‘‘ آج متوقع ہے جب کہ امیدواروں کے دل کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے پیرکو لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلیے 15 رکنی اسکواڈ کی فہرست تیار لیکن سلیکٹرز نے  پی ایس ایل میچز میں چند کرکٹرز کی کارکردگی دیکھنے کیلیے 2 روز کی مہلت مانگ لی، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے معاملات دیکھنے کے ساتھ کمنٹری میں بھی مصروف ہیں۔

ان ’’ضروری‘‘ امور کی وجہ سے موزوں کھلاڑیوں کے انتخاب کی مہم گذشتہ روز بھی سر نہ کی جاسکی، تاخیر کی وجہ سے امیدوار پلیئرز خاصی بے چینی کا شکار ہوئے تو دوسری جانب غیر یقینی صورتحال میں نت نئے نام گردش کررہے ہیں، ذرائع کے مطابق احمد شہزاد پی ایس ایل میں ایک اچھی اننگز کے باوجود خطرے سے باہر نہیں نکل سکے، ٹیم مینجمنٹ کا ووٹ ان کیخلاف گیا ہے، انھیں ڈراپ کرکے خرم منظور کو آزمانے پر غور جاری ہے، وہ حیران کن طور پر اس فارمیٹ کیلیے غیرموزوں ہونے کی وجہ سے لیگ میں کسی فرنچائز کی توجہ کے مستحق نہیں ٹھہرے تھے، محمد حفیظ کے ساتھ بطور تیسرے اوپنرسرفراز احمد کو آزمانے کا آپشن موجود ہوگا، عمر گل اور صہیب مقصود کا ڈراپ ہونا یقینی ہے۔

دونوں دورئہ نیوزی لینڈ میں مایوس کن کارکردگی کے بعد پی ایس ایل میں بھی ناکامی کی تصویر بنے نظر آئے،کیویز کیخلاف متاثرکن بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے بابر اعظم کی انٹری ہوگی، بروقت فارم میں آنے والے عمراکمل اور نیوزی لینڈ میں صرف سیر و تفریح کرکے واپس آنے والے افتخار احمد برقرار رہیں گے، محمد رضوان کے ڈراپ ہونے کے بعد عمر اضافی وکٹ کیپر کی صورت میں بھی دستیاب ہونگے۔

پیس بیٹری کو تقویت دینے کیلیے محمد عرفان اور جیند خان کے نام زیر غور ہیں، پی ایس ایل میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر محمد نواز اور ورائٹی سے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کرنے والے پیسر رومان رئیس کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے، فارم میں نہ نظر آنے والے کامران اکمل کی واپسی میں بھی پتھر حائل ہوتے نظر آرہے ہیں۔ قومی اسکواڈ کا اعلان بدھ کو متوقع ہے، ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا ووٹ محمد نواز اور رومان رئیس کے تو حق میں ہے لیکن انھیں خرم منظور کی اسکواڈ میں شمولیت پر اختلاف ہے۔

یاد رہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کوالیفائرز کا آغاز 8 جبکہ مین راؤنڈ کا 15مارچ سے ہوگا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 16تاریخ کو کوالیفائر سے کھیلے گی،گرین شرٹس 19مارچ کو دھرم شالہ میں بھارت کے مقابل ہونگے، ایونٹ کا فیصلہ کن میچ 3اپریل کو کولکتہ میں ہوگا۔اس سے قبل پاکستان ٹیم کو بنگلہ دیش میں رواں ماہ کے آخری ہفتے میں شروع ہونے والے ایشیا کپ میں اپنی تیاریاں جانچنے کا موقع ملے گا، میگا ایونٹ کے پیش نظر ہی رواں سال اس ایونٹ کا فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی رکھا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔