خیبرپختونخوا میں ڈاکٹروں کے معاملے پرچند سیاسی جماعتیں پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 10 فروری 2016
لازمی سروسز ایکٹ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اس لئے ڈاکٹرز ہڑتال نہیں کرسکتے،چیئرمین تحریک انصاف. فوٹو: فائل

لازمی سروسز ایکٹ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے اس لئے ڈاکٹرز ہڑتال نہیں کرسکتے،چیئرمین تحریک انصاف. فوٹو: فائل

 اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ لازمی سروسز ایکٹ سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے جب کہ ڈاکٹروں کے معاملے پر چند سیاسی جماعتیں پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہیں۔

اسلام آباد میں چینی سفیر اور وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اسپتالوں میں اصلاحات پر ڈاکٹروں کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج غلط ہے، ان کے جائز مطالبات مانے جائیں گے، ہم نے مظاہرین پر گولیاں نہیں برسائیں بلکہ ان سے بات کررہے ہیں جب کہ چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے ڈاکٹروں کے معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لازمی سروسزایکٹ کے نفاذ سے متعلق ہائیکورٹ کا حکم موجود ہے جس کے تحت ڈاکٹرز ہڑتال نہیں کرسکتے،خیبرپختونخوا میں سرکاری اسپتالوں کی نجکاری نہیں کررہے بلکہ اسپتالوں میں میرٹ لے کرآنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قوم نے 10 سالہ دہشت گردی کا سامنا کیا لیکن اب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور وہاں کے لوگوں کو خوشحال بنانے کا نادرموقع ہے، اقتصادی راہداری منصوبے پر اپنےتحفظات چینی سفیرکو بتائے لیکن اس منصوبے پر وفاق کو سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہیئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ پائیدار تعلقات کو پروان چڑھانے کے خواہاں ہیں،چینی سفیر کی جانب سے دورہ چین کی دعوت پر ان کا مشکور ہوں۔

اس موقع پر چینی سفیرلیو جیان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی مثالی ہے اور یہ ہمیشہ رہے گی جس کی مثال ہے کہ چینی کمپنیوں نے ملک بھر سمیت خیبرپختونخوا میں بھی بہت سے پراجیکٹ شروع کررکھے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔