بھارت میں جنونی اوربدمست ہاتھی نے سیکڑوں گھر اور گاڑیاں روند ڈالیں

ویب ڈیسک  بدھ 10 فروری 2016
ہاتھی نے 100 کےقریب گھروں کو تباہ کردیا جب کہ سیکڑوں موٹرسائیکلیں اورگاڑیوں کو بھی رونددیا۔
فوٹو ڈیلی میل

ہاتھی نے 100 کےقریب گھروں کو تباہ کردیا جب کہ سیکڑوں موٹرسائیکلیں اورگاڑیوں کو بھی رونددیا۔ فوٹو ڈیلی میل

کلکتہ: ویسے تو ہاتھی انسان دوست جانور ہے اور وہ بڑوں اور بچوں سبھی کو پسند کرتا ہے لیکن اگر اسے غصہ دلا دیا جائے تو پھر وہ اپنی طاقت کا بھر پور مظاہرہ کر کے دکھاتا ہے اور ایسا ہی کچھ ہوا بھارت میں جہاں ایک زخمی ہاتھی کو نہ جانے کس نے غصہ دلایا کہ وہ آپے باہر ہوگیا اور اس نے اپنے راستے میں آنے والے گھر ہوں یا گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں سبھی کچھ  روند ڈالا جب کہ لوگ خوف کے مارے گلیوں اور گھروں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے قصبہ میں خون میں نہایا ہوا زخمی ہاتھ جنگل سے نکل آکر اچانک قصبے میں داخل ہوگیا اور سڑکوں اور گلیوں پر بدمست ہوکر آوارہ گردی کرتے ہوئے اپنے سامنے آنی والی ہر چیز کو روند ڈالا، ہاتھی کو دیکھ کر لوگ خوف سے ادھر ادھر بھاگنے لگے جب کہ ہاتھی نے ان کا پیچھا کرنا نہ چھوڑا اور وہ گھروں میں داخل ہوگیا اور مقامی لوگوں کے مطابق ہاتھی نے 100 کے قریب گھروں کو تباہ کردیا جب کہ سڑک اور دکانوں کے سامنے کھڑی سیکڑوں موٹر سائیکلیں اور گاڑیوں کو بھی روند دیا۔

ریاست کے محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہاتھی بھوکا لگ رہا تھا اور ہوسکتا ہے کہ وہ کھانے کی تلاش میں نکل آیا ہو اور کسی نے اس کے ساتھ شرارت کرکے غصہ دلا دیا لیکن اس کے باوجود ہاتھی نے کسی انسان کو نقصان نہیں پہنچایا۔ حکام کے مطابق ہاتھی کئی گھنٹوں تک گھومنے کے باوجود بھی واپسی کا راستہ تلاش نہیں کر پا رہا تھا اور وہ غصے میں ایسے ردعمل کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

حکام نے ہاتھی کو قابو کرنے کے لیے 3 بار نشہ آور سوئیوں سے نشانہ بنایا جب جا کر ہاتھی پرسکون اور نیم بے ہوشی کی حالت میں زمین پر گر گیا جہاں کرین کی مدد سے اسے اٹھا کر اسے محکمہ جنگلات کے خصوصی پارک میں لے جایا گیا تاہم ہوش میں آنے کے بعد اسے دوبارہ جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔ 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔