لاہور، اسلام آباد، کراچی کے ایئرپورٹس پر کرش مشینیں نصب

ضیا تنولی  جمعرات 11 فروری 2016
پی آئی اے کی ڈسپوزیبل اشیا تلف کی جائیں گی، دوبارہ استعمال سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ تھا فوٹو: فائل

پی آئی اے کی ڈسپوزیبل اشیا تلف کی جائیں گی، دوبارہ استعمال سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ تھا فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے دوران سفر مسافروں کے کھانے پینے کیلیے استعمال ہونے والی ڈسپوزیبل اشیاکے دوبارہ استعمال سے ہیپاٹائٹس جیسے مرض کے لاحق ہونے کی سنگین شکایات کا ازالہ کرنے کیلیے ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر کرش مشینیں نصب کر دیں۔

ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کو حاصل ہونے والی مصدقہ معلومات کے مطابق پی آئی اے کا عملہ اور ٹھیکیدار سازباز سے دوران پرواز مسافروں کے کھانے اور پینے کیلیے استعمال ہونے والے ڈسپوزیبل چمچ، پلیٹوںاور گلاسوںکو ضائع کرنے کے بجائے دوبارہ استعمال میں لا کر اپنا فائدہ کر رہے تھے تاہم اس سے نہ صرف مسافروں بلکہ عملے کو بھی ہیپاٹائٹس جیسے مرض کے لاحق ہونے کی سنگین شکایات سامنے آئیں۔

جس پر پی آئی اے انتظامیہ نے اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور اسلام آباد کے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کرشن مشینیں نصب کر دی ہیں جس کے تحت ان ایئرپورٹس پر پی آئی اے کے لینڈ کرنے والے تمام طیاروں میں استعمال ہونے والی ان ڈسپوزیبل اشیاکو ان کرش مشینوں میں ڈالا جائیگا جس سے وہ دوبارہ استعمال کے قابل نہیں رہیں گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔