ہڑتال کرنے کی سزا؛ پی آئی اے کے 11 ملازمین نوکری سے برطرف

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2016
حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہڑتال کو ناکام بنانے کے لئے لازمی سروس ایکٹ لاگو کردیا تھا۔ فوٹو:فائل

حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہڑتال کو ناکام بنانے کے لئے لازمی سروس ایکٹ لاگو کردیا تھا۔ فوٹو:فائل

 کراچی: حکومت نے لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کو جواز بناتے ہوئے پی آئی اے کے 11 ہڑتالی ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن کے ملازمین کے خلاف اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال کرنے کی پاداش میں تادیبی کارروائیاں شروع ہوگئیں ہیں، حکومت نے پہلے مرحلے میں لازمی سروس ایکٹ کو جواز بناتے ہوئے 11 ہڑتالی ملازمین کو ان کی نوکریوں سے برطرف کردیا ہے۔ روزگار سے فارغ کئے ملازمین میں بشارت،عرفان،ناصر،محمد رضوان،امین اللہ ،سرفراز،مظہر علی اور دیگر شامل ہیں، یہ تمام ملازمین پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات میں ڈیلی ویجز کی بنیاد پر کام کررہے تھے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کو ناکام بنانے کے لئے لازمی سروس ایکٹ لاگو کردیا تھا جس کے باوجود ملازمین نے ہڑتال کی تھی تاہم پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے 2 روز قبل ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔