پی ایس ایل؛ پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2016
پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیط نے 59 رنز کی اننگز کھیلی ۔ فوٹو:فائل

پشاور زلمی کی جانب سے محمد حفیط نے 59 رنز کی اننگز کھیلی ۔ فوٹو:فائل

شارجہ: پاکستان سپرلیگ کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کراچی کے ابتدائی بیٹسمین مکمل طور پر ناکام رہے، اوپننگ کا آغاز کرنے والے لینڈل سیموئل 9 اور نعمان انور 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ عماد وسیم بھی بغیر کوئی رن بنائے اپنی غلطی کے سبب رن آؤٹ ہوگئے، کپتان شعیب ملک بھی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر کراچی کنگز کی 6 وکٹیں 48 رنز پر گر گئی تھی تاہم جیمز وینس اور روی بوپارا نے مشکل وقت میں ٹیم کو سنبھالا اور 61 رنز کی شراکت داری قائم کی، جیمز وینز کو 44 رنز پر شان ٹیٹ نے بولڈ کیا جس کے بعد سہیل تنویر وکٹ پر آئے اور 17 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے تاہم روی بوپارا نے ہمت نہیں ہاری اور 33 گیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آخری اوور میں آوٹ ہوئے جس کے بعد ٹیم کو 5 رنز درکار تھے جو نہیں بن سکے۔

پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 2، شان ٹیٹ، محمد اصغر، شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ایکسپریس نیوز کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپننگ بلے باز محمد حفیظ اور تمیم اقبال نے ٹیم کو 93 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا حفیظ 59 اور تمیم اقبال 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کامران اکمل بھی جارحانہ انداز سے کھیلتے ہوئے 30 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے تاہم ڈیوڈ میلان صرف 12 رنز ہی بناسکے، کپتان شاہد آفریدی اور ڈیرن سیمی آخری لمحات میں جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے بالترتیب 16 او ر14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کی جانب سے محمد عامر نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 24 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جب کہ روی بوپارا نے 2 اور سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔