پاکستان معاشی ترقی کے اہم دورسے گزر رہا ہے، صدرعالمی بینک

بزنس رپورٹر  جمعـء 12 فروری 2016
آنے والا دور ڈیجیٹل اکانومی کا ہے،پاکستان تیاری کرے،آئی بی اے میں تقریب سے خطاب :فوٹو: اے ایف پی/فائل

آنے والا دور ڈیجیٹل اکانومی کا ہے،پاکستان تیاری کرے،آئی بی اے میں تقریب سے خطاب :فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی: عالمی بینک کے صدرڈاکٹر جم یونگ کم نے کہا ہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان میں سیکیورٹی حالات بہت خراب تھے جو اب بہترہورہے ہیں اور پاکستان معاشی ترقی کے اہم دور سے گزر رہا ہے۔

آنے والا دور ڈیجیٹل اکانومی کا ہے جس کے لیے پاکستان کو اپنے آپ کو تیار کرنا ہو گا،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے ہی ملک ترقی کرے گا، حکومت کو توانائی بحران کے خاتمے کے لیے کوئلے کی جگہ ونڈ اور سولر انرجی کے منصوبوں کو ترجیح دینا ہو گی۔

گزشتہ روز کراچی میں آئی بی اے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کیلیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کیلیے پرائیویٹ سیکٹر اہم کردار ادا کرسکتا ہے، پاکستان میں تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کی ترقی، غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کیلیے زیادہ وسائل خرچ کرنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلیم، صحت، روزگار کے شعبے میں تعاون کرنا چاہتے ہیں جبکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری بہت اہمیت رکھتی ہے۔ توانائی بحران پر ان کا کہنا تھا کہ 6 ماہ میں ونڈ اور سولر منصوبوں سے اس کا حل نکالا جا سکتا ہے، آنے والا دور جدید ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ مستقبل ڈیجیٹل اکانومی کا ہے جس کیلیے پاکستان خود کو تیا ر کرے۔ صدر جم یونگ کم کا کہنا تھاکہ غربت کے خاتمے کیلیے پاکستانی حکومت کو اقدامات کرنے کے ساتھ انڈسٹریز کو فروغ دینا ہو گا تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہو سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔