ورلڈٹی 20؛ ویزے کیلیے پاکستانی ٹیم کی درخواستیں جمع

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 فروری 2016
حکومتی انکار کی صورت میں نیوٹرل وینیو پرکھیلنے کا سوال پیدا ہوگا،امجد حسین بھٹی فوٹو: اے ایف پی/فائل

حکومتی انکار کی صورت میں نیوٹرل وینیو پرکھیلنے کا سوال پیدا ہوگا،امجد حسین بھٹی فوٹو: اے ایف پی/فائل

نئی دہلی: پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت ٹیم بھیجنے کیلیے حکومت کی ’رسمی‘ ہاں کا انتظار ہے، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے ویزوں کیلیے درخواستیں جمع کرادی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے بھارت کی جانب سے باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد وہاں پر شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا، انھوں نے پھر ایونٹ میں ٹیم کی شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کردی، وہ کئی بار اس کا اعادہ بھی کرچکے، حال ہی میں شہریارخان کی جانب سے پاکستان کے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی تجویز بھی سامنے آئی، مگر اندرون خانہ بورڈ کی جانب سے ٹیم بھارت بھیجنے کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، اسے صرف حکومت کی رسمی ہاں کا انتظار ہے۔

پی سی بی کے میڈیا ڈائریکٹر امجد حسین بھٹی نے بھارتی خبررساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ حکومت ایک ہفتے میں کرکٹ ٹیم کے دورئہ بھارت کے بارے میں اپنا فیصلہ سنا دے گی، اجازت کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم بھی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے ویزوں کی درخواستیں جمع کرا دی گئی ہیں۔

جب ان سے شہریار خان کی جانب سے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلنے کی تجویزکا سوال کیا گیا تو امجد حسین نے کہاکہ ابھی تو ہمیں حکومتی جواب کا انتظار ہے،انکار پر ہی اس قسم کی تجاویز پر غور ہوسکتا ہے۔ ٹیم کے واہگہ بارڈر یا جہاز کے ذریعے بھارت جانے کے سوال پر انھوں نے کہاکہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر ہم لاجسٹک معلومات افشا نہیں کرسکتے تاہم تیاریاں جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔