پاکستان ہاکی گولڈ میڈل پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار

اسپورٹس رپورٹر / اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 فروری 2016
ہیڈ کوچ محمد ثقلین کومواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر مارجن سے کامیابی کی امید۔ فوٹو :فائل

ہیڈ کوچ محمد ثقلین کومواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہتر مارجن سے کامیابی کی امید۔ فوٹو :فائل

 لاہور / گوہاٹی: ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم گولڈ میڈل پر ہاتھ صاف کرنے کیلیے تیار ہے، مقصد پانے کیلیے جمعے کو فائنل میں روایتی حریف بھارت کی دیوار گرانا ہوگی۔

گوہاٹی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان وائٹس ہاکی ٹیم ساؤتھ ایشین گیمز میں ہاکی کا گولڈ میڈل اپنے نام کرنے کیلیے بیتاب ہے۔ ایونٹ کے اولین مقابلے میں سری لنکا کے بعد میزبان بھارتی ٹیم کو زیر کرنے والے گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی تھی۔

بلو شرٹس پہلے مرحلے میں ہونے والی شکست کا بدلہ چکانے کی کوشش کریں گے جبکہ پاکستان اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد میں اضافہ کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گا، ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد ثقلین نے کہاکہ کھلاڑی طویل سفر کرکے بھارت آئے تو تھکاوٹ کا شکار تھے، فٹنس مسائل نے بھی پریشان کیا تاہم اب مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو چکے اور روایتی حریف کیخلاف پہلی فتح کی وجہ سے مورال بھی بلند ہے، امید ہے کہ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہونگے۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل میزبان سے میچ میں چند مواقعے ضائع ہوئے تھے۔

اب کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ گول کرتے ہوئے حریف پر دباؤ بڑھائیں۔ دوسری جانب گذشتہ روز گوہاٹی میں ہونے والے ایونٹس میں مجموعی طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل رشک نہیں رہی‘ ایک بھی گولڈ میڈل ہاتھ نہ آسکا تاہم شوٹنگ اور ریسز میں چند کامیابیاں ضرور ملیں، ان کی بدولت مجموعی تمغوں کی تعداد 72 ہو گئی، ان میں 7گولڈ، 22سلور اور 45برانز میڈل شامل ہیں۔ بھارت 140گولڈز سمیت 238تمغوں کے ساتھ سرفہرست، سری لنکا 25گولڈ سمیت 152میڈل حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے، جمعرات کو ویمنز ریلے ریس کے 4×100مقابلے میں پاکستان چوتھے نمبر پر رہا، مینز میں تیسری پوزیشن ہاتھ آ سکی۔ مینز 200میٹر میں لیاقت علی برانز میڈل لے پائے جبکہ ویمنز میں صاحب اسراچوتھی پوزیشن پر رہیں۔

مینز 1500میٹر مقابلے میں علی محمد چھٹے نمبر پر رہے۔ 400میٹر ہرڈلز میں نجمہ کی بھی چھٹی پوزیشن رہی، تاہم مینز ایونٹ میں محبوب علی برانز میڈل لے اڑے، نوکر حسین چوتھے نمبر پر آئے۔ ٹرپل جمپ میں محمد افضل نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ شارٹ پٹ میں محمد وسیم برانز میڈل کے حقدار ٹھہرے۔ ویمنز کبڈی میں بنگلہ دیش کی ٹیم سری لنکاکیخلاف سرخرو ہوئی، بھارت نے نیپال کو زیر کیا جبکہ مینز میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کیخلاف میدان مار لیا۔ ویمنزشوٹنگ کے انفرادی50میٹر مقابلے میں پاکستان کی نادرہ رئیس چوتھے نمبر پر رہیں، دیگر نشانہ باز بھی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔

ٹیم ایونٹ میں نادرہ رئیس، نازش خان، نازیہ رشید سلور میڈل لے اڑیں،گولڈ پر بھارت‘ برانز پر سری لنکا نے قبضہ جمایا، 25میٹر مینز پسٹل مقابلے کے ٹاپ تھری بھارتی تھے۔ 50میٹر رائفل شوٹنگ مینز ایونٹ میں گولڈ اور سلور پر بھارت جبکہ برانز پر پاکستان نے ہاتھ صاف کیا۔ ٹیم ایونٹ میں عمیر صدیق، علی اور محمد عمیر نے سلور میڈل جیتا۔ لان ٹینس میں بھارت نے ٹیم ایونٹس بھی جیت کر کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ ویمنز ہینڈ بال میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 38-24سے زیر کیا۔

افغانستان کی ٹیم نیپال کیخلاف 26-29کے اسکور سے ناکام ہوئی۔ نیپال نے دفاعی چیمپئن بھارت کے ساتھ مقابلہ برابر کرتے ہوئے ویمنز فٹبال فائنل میں رسائی حاصل کرلی،میزبان ٹیم کو پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے ہفتے کو بنگلہ دیش کیخلاف لازمی فتح درکار ہوگی، مالدیپ نے سری لنکا کیخلاف2-1کی کامیابی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پکی کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔