دہشتگردوں کا علاج؛عدالت کا ڈاکٹرعاصم کیخلاف مقدمے میں تفتیشی افسرکی رپورٹ قبول کرنےسےانکار

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 فروری 2016

 کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آصف زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم کے خلاف دہشتگردوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے مقدمے میں تفتیشی افسر کی رپورٹ قبول کرنے سے انکار کردیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر عاصم کےخلاف دہشت گردوں کوعلاج کی سہولیات فراہم کرنےسےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما روف صدیقی، ، ایم کیوایم کے نامزد مئیر کراچی وسیم اختر اور پاسبان کے عثمان معظم کمرہ عدالت میں موجود تھے، تینوں پر دہشت گردوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر عاصم کو فون کرنے کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے ڈاکٹرعاصم کے خلاف 330 صفحات پر مشتمل ے آئی ٹی رپورٹ پیش کی۔

سماعت کے دوران تفتیشی افسر کی رپورٹ پر رینجرز کے وکیل نے عدم اعتماد کااظہار کرتے ہوئے اسے بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔ جب کہ عدالت نے بھی رپورٹ میں تاریخوں کا اندراج نہ ہونے پر اسے قبول کرنے سے انکار کردیا۔عدالت نے وسیم اختر اور روف صدیقی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے مقدمے میں مفرورملزم سلیم شہزاد کی رپورٹ جمع نہ کروانے پر نادرا حکام کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی مزید سماعت 22 فروری کو ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔