آسٹریلین بلے باز ایڈم ووجز نے بریڈمین اور ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ ڈالا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 فروری 2016
ایڈم ووجز اب تک 12 ٹیسٹ میچز کی 19 اننگز 100.33 کی اوسط سے 1204 رنز بنا چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ایڈم ووجز اب تک 12 ٹیسٹ میچز کی 19 اننگز 100.33 کی اوسط سے 1204 رنز بنا چکے ہیں۔ فوٹو: فائل

ویلنگٹن: آسٹریلین بلے باز ایڈم ووجز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے نہ صرف بہترین رنز اوسط میں سرڈان بریڈمین کو پیچھے چھوڑا بلکہ لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا سب سے زیادہ ناقابل شکست بنانے کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

نیوزی لینڈ میں ویلنگٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز جب ایڈم ووجز 123 رنز پر پہنچے تو انھوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 500 رنز بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا 12 سال پرانا ریکارڈ توڑا اور جب ووجز نے 172 کا ہندسہ عبور کیا تو ٹیسٹ میچز میں ان کے رنز بنانے کی اوسط 100 تک پہنچ گئی، نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر آسٹریلوی بلے باز 176 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے اور اس طرح ٹیسٹ میچز میں ان کے رنز بنانے کی اوسط 100.33 ہو گئی اور انھوں نے سر ڈان بریڈمین کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ایڈم ووجز نے اپنی آخری تین ٹیسٹ اننگز میں تین سنچریاں اسکور کیں جن میں سے 2 ویسٹ انڈیز کے خلاف تھیں، ویسٹ انڈیز کے خلاف دسمبر میں انھوں نے 269 اور 106 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔

واضح رہے کہ ایڈم ووجز اب تک 12 ٹیسٹ میچز کی 19 اننگز میں 1204 رنز بنا چکے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور ویسٹ انڈیز کے خلاف 269 رنز ہے۔ ووجز سے قبل سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ رنز کا ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جو انھوں نے 2004 میں 497 رنز بنا کر اپنے نام کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔