کنگ خان نے سلمان خان کے لیے اپنی فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھادی

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 فروری 2016
شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘اور سلمان خان کی فلم’’سلطان‘‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونا تھیں، فوٹو: فائل

شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘اور سلمان خان کی فلم’’سلطان‘‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونا تھیں، فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے اپنے قریبی دوست اور فلم نگری کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کے لیے اپنی نئی آنے والی فلم’’رئیس‘‘کی نمائش کی تاریخ بڑھادی ہے۔

بالی ووڈ کے حکمران خانز شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ ساتھ گہری ہوتی جارہی ہے اسی لیے دونوں اداکار ایک دوسرے کی فلموں کی تشہیر کرتے نظر آتے ہیں یہی نہیں بلکہ دونوں اداکارچھوٹی اسکرین پر بھی طویل عرصے بعد جلوہ گر ہوئے ہیں جس کے بعد  اب کنگ خان کے ایک فیصلے نے دونوں کی دوستی کو مزید مضبوط کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘ اور سلمان خان کی فلم’’سلطان‘‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ایک ساتھ نمائش کے لیے پیش کی جانی تھیں جس کے باعث دونوں فلموں کے باکس آفس پر تصادم کا خدشہ تھا تاہم کنگ خان نے اپنی فلم ’’رئیس‘‘ کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد اب دونوں فلموں میں تصادم کا خطرہ ٹل گیا ہے جب کہ فلم’’رئیس‘‘ کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘اور سلمان خان کی فلم’’سلطان‘‘ رواں سال عید الفطر کے موقع پر ریلیز ہونی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔