آزاد کشمیر میں 2 افراد کی ہلاکت کے ذمہ دار وہاں کے وزیراعظم ہیں، پرویز رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 فروری 2016
بلاول بھٹو کو حقائق سے آگاہ کردیا جائے تو وہ بھی وزیر اعطم آزاد کشمیر سے جواب طلب کریں گے، وزیر اطلاعات، فوٹو؛فائل

بلاول بھٹو کو حقائق سے آگاہ کردیا جائے تو وہ بھی وزیر اعطم آزاد کشمیر سے جواب طلب کریں گے، وزیر اطلاعات، فوٹو؛فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسے کے دوران 2 افراد کی ہلاکتوں کے ذمہ دار وہاں کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید ہیں کیونکہ ان کے اشتعال انگیز بیانات کے باعث ہی افسوس ناک واقعہ رونما ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسے کے دوران 2 افراد کی ہلاکتوں کے ذمہ دار وہاں کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید ہیں کیونکہ ان کے اشتعال انگیز بیانات کے باعث ہی افسوس ناک واقعہ رونما ہوا لہٰذا انہیں چاہئے کہ وہ اپنے لب و لہجے کو نرم کریں اور سوچ سمجھ کر استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو اصل حقیقت نہیں بتائی گئی اگر انہیں حقائق سے آگاہ کردیا جائے تو وہ بھی وزیر اعطم آزاد کشمیر سے جواب طلب کریں گے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں نے داعش کا نام اپنالیا ہے لیکن ہم نے ملک سے دہشت گردی کوختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے چاہے وہ کسی بھی نام سے سامنے آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم کسی ایک شہر یا صوبے کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے لیے ایک ہی عہد ہے، خفیہ ادارے پنجاب سمیت جہاں بھی دہشت گردوں کی نشاندہی کریں گے وہاں کارروائی ہوگی اورانہیں کہیں بھی پنا ہ نہیں دی جائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی جماعت اب موروثی سیاست کی مثال بن چکی ہے اور سچ بولنے والے بہترین افراد کو ان کی جماعت سے نکالا جارہا ہے جب کہ بدعنوانی کے ملزمان کو بچانے کے لیے عمران خان نے جنرل (ر) حامد خان کو ہی فارغ کردیا اگر خیبرپختونخوا حکومت اور عمران خان کا دامن پاک تھا تو شواہد کا سامنا کرتے لیکن ان کے اس عمل سے شک ہوتا ہے کہ اب کرپشن خیبرپخونخوا سے بنی گالا تک پہنچ چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔