ویلنٹائن ڈے پرناراض لوگ آپس میں مل بیٹھیں تو اچھی بات ہے، فنکار

جاوید یوسف  اتوار 14 فروری 2016
ویلنٹائن ڈے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، اورنگزیب لغاری، چہروں پر مسکراہٹ ہی زندگی ہے، غلام محی الدین، ایکسپریس سے گفتگو ۔  فوٹو : فائل

ویلنٹائن ڈے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، اورنگزیب لغاری، چہروں پر مسکراہٹ ہی زندگی ہے، غلام محی الدین، ایکسپریس سے گفتگو ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  ویلنٹائن ڈے کو منانے کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں ، گلاب کی کلیاں اور گفٹس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں‘ اس دن کی مناسبت سے لوگوں نے سرخ رنگ کے ملبوسات اور تقریبات کا انعقاد بھی کیا ہوا ہیجب کہ شوبز انڈسٹری سے وابسطہ لوگ بھی دن کو اپنے انداز سے منا رہے ہیں۔

ایکسپریس کے سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ محبت کا کوئی دن مخصوص نہیں ہوتا ، یہ تو خوشبو کی مانند ہے اس کو تو ہر طرف پھیلتے رہنا چاہیے، اس کو محدود کرنے کی کوشش کریں تو یہ اپنی اہمیت کھو دے گی۔

اداکارہ نیلم منیر نے کہا  ڈپریشن کے ماحول میں اس طرح کی تقریبات آکسیجن کا کام کرتی ہیں، زندگی جس تیز رفتاری سے چل رہی ہے ہر کوئی اس کے ساتھ چلنے کے لیے دن رات بھاگنے میں لگا ہوا ہے‘ میں کسی بحث میں پڑنے کی بجائے صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ ویلنٹائن ڈے اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کا دن ہے اس روز اپنی فیملی اور دوستوں کے نام کیا ہوا ہے۔

سنیئر اداکار اورنگزیب لغاری نے کہا کہ جب ہم اپنی ثقافت اور رسم ورواج کو ہر سطح پر نظر انداز کرکے ایسی فضولیات کو خود پروموٹ کریں گے تو پھر آپ کو اس کے نتائج کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے‘ ویلنٹائن ڈے کو تو  ایسے منایا جانے لگا ہے کہ جسے یہ ہمارا ہی کوئی روایتی تہوار ہے۔

اداکارہ زارا شیخ نے کہا پیار کے بغیر زندگی مکمل نہیں ہوتی اور یہی وہ دروازہ ہے جوآپ کے تمام رشتوں جن میں ماں باپ ، بھائی بہن ، بچوں سمیت سب کو ایک دوسرے سے جوڑ کر رکھے ہوئے ہے، ویلنٹائن ڈے ان رشتوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اداکار غلام محی الدین نے کہا اداس چہروں پر مسکراہٹ ہی زندگی ہے، وہ اگر کسی کو گلاب کی کلی یا گفٹ دینے سے دوبالا ہو جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

ویسے تو محبت ہرلمحہ ہی رہنی چاہیے اس کے لیے کسی خاص دن کا انتظار کرنے کی کوئی ضرورت نہیں بہرحال ویلنٹائن پر ناراض لوگ آپس میں مل بیٹھیں تو اچھی بات ہے ۔ اداکارہ مدیحہ شاہ نے کہا کہ زندگی بہت مختصر سی ہے، موجودہ ترقی یافتہ دور میں تو آپس میں مل بیٹھنے کا وقت بھی کم ہوتا جارہا ہے ، ایسے میں ویلنٹائن ڈے اکٹھے ہونے کا موقع دیتا ہے توہمیں اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔