خاتون کو ویڈیو چیٹنگ کے ذریعے بلیک میل کرنیوالا کیبل آپریٹرنکلا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 14 فروری 2016
 اسدنے خاتون کے سعودیہ میں رہائش پذیرشوہرسے وڈیو چیٹنگ محفوظ کی تھی،فیس بک پر لوڈ کرنیکی دھمکی دیکر20ہزارلے چکا ۔  فوٹو : فائل

 اسدنے خاتون کے سعودیہ میں رہائش پذیرشوہرسے وڈیو چیٹنگ محفوظ کی تھی،فیس بک پر لوڈ کرنیکی دھمکی دیکر20ہزارلے چکا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  رینجرز اسپیشل ٹاسک فورس اور ویسٹ زون پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو وڈیو چیٹنگ کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ، ملزم نے خاتون کے شوہر کے ساتھ وڈیو چیٹنگ نکال رکھی تھی ، ملزم بلیک میل کرکے 20 ہزار روپے وصول کرچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کی خاتون نے رینجرز ٹاسک فورس کو درخواست دی کہ مجھے ایک نامعلوم شخص نے میری اور شوہر کی وڈیو چیٹنگ نکال رکھی ہے جس کے ذریعے وہ مجھے بلیک میل کررہا ہے،ایک بار میں اس کو20ہزار روپے دے چکی ہوں لیکن وہ دوبارہ مجھے بلیک میل کررہا ہے کہ مجھے دوبارہ رقم نہیں دی تو وڈیو چیٹنگ فیس بک پر لوڈ کردوں گا،رینجرز ٹاسک فورس نے تکنیکی طریقہ کار کے ذریعے ملزم کی تصویر نکال لی،ٹاسک فورس کے افسران کے مطابق ملزم کی تصویر جب خاتون کو دکھائی تو انھوں نے بتایا کہ یہ وہ شخص ہے۔

جس سے میں نے چند روز قبل ہی انٹرنیٹ کیبل کی سہولت لی تھی ،اس ملزم کا نام اسد ہے جو انٹرینٹ اور ٹی وی کیبل کا کام کرتا ہے ، افسر کے مطابق خاتون کا شوہر سعودیہ عرب میں ہے جس سے یہ وڈیو چیٹنگ کے ذریعے بات چیت کیا کرتی تھی ، رینجرز ٹاسک فورس نے ویسٹ زون کے ڈی آئی جی فیروز شاہ سے رابطے کے بعد پولیس کے ساتھ نارتھ کراچی میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر ملزم اسد کو گرفتار کرکے لیپ ٹاپ تحویل میں لے لیا ، رینجرز ٹاسک فورس نے ملزم کے لیپ ٹاپ سے وڈیو چیٹنگ وغیرہ ضائع کردی اور ملزم کو ویسٹ زون پولیس کے حوالے کردیا ۔

افسران کا کہنا ہے کہ خاتون قانونی کارروائی کرنے سے گریز کررہی ہے کہ میں اگر مقدمہ درج نہیں کرواسکتی اس لیے کہ میں اکیلے رہتی ہوں میرے شوہر ملک میں ہوتے تو مقدمہ درج کراتے ، تاہم افسران کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم اسد سے مزید تفتیش کررہی ہے، پولیس سرکار مدعیت میں مقدمہ درج کرنا چاہے تو کرسکتی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔