گاڑی سے گھر کو بجلی کی فراہمی کا کامیاب تجربہ

ویب ڈیسک  منگل 29 مارچ 2016
ہالینڈ کے انجینئرز نے کار کی بجلی ایک کیبل کے ذریعے گھر کو فراہم کرنے کا تجربہ کیا۔ فوٹو؛ فائل

ہالینڈ کے انجینئرز نے کار کی بجلی ایک کیبل کے ذریعے گھر کو فراہم کرنے کا تجربہ کیا۔ فوٹو؛ فائل

ڈیفلٹ: ہالینڈ کے انجینیئروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہائیڈروجن سے چلنے والی ایک کار (اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل یا ایس یو وی ) کو کامیابی سے چلتے پھرتے بجلی گھر میں تبدیل کیا ہے جو مستقبل میں گھروں کو بجلی فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

انجینئرز کے مطابق کار میں پلگ ساکٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جو دفتر اور اسکولوں کو بجلی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس اختراع کو یورپ میں اپنی نوعیت کی پہلی کاوش قرار دیا جارہا ہے۔ یہ کام ڈیلفٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی ٹیم نے کیا ہے اور اس کے لیے کار کی بجلی ایک کیبل کے ذریعے فراہم کرنے کا تجربہ کیا گیا اس طرح کار کا فیول سیل بھی تبدیل کیا گیا ہے تاکہ یہ مستقل بنیادوں پر توانائی فراہم کرسکے۔

فیول سیل کارمیں ہائیڈروجن سے بجلی بنائی جاتی ہے اور اس عمل میں تھوڑی حرارت اور پانی خارج ہوتا ہے اسی بنیاد پر ان گاڑیوں کو ماحول دوست قرار دیا جاتا ہے۔ اس فیول سیل کی صلاحیت 10 کلوواٹ ہے اور کہا جارہا ہے کہ یہ 10 گھروں کو بجلی فراہم کرسکا ہے۔ کمپنی کے مطابق لوگ دن میں چند گھنٹے ہی کار استعمال کرتے ہیں اور بقیہ وقت وہ اس سے توانائی حاصل کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔