انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی

ویب ڈیسک  بدھ 30 مارچ 2016
انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے 50 گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔  فوٹو: گیٹی امیج

انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے نے 50 گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ فوٹو: گیٹی امیج

نئی دلی: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔

بھارتی شہر نئی دلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کا 154 رنز کا ہدف 18ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ جیسن روئے اور الیکس ہیلز نے ٹیم کو 82 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا اس دوران جیسن روئے نے ٹی ٹوئنٹی میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور 50 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جب کہ الیکس ہیلز 20، کپتان مورگن صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جوئے روٹ 27 اور جوز بٹلر 27 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سوڈی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کپتان کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا لیکن کپٹل تیسرے اوور کی پہلی گیند پر 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ولیمسن نے کولن منرو کے ہمراہ مل کر 74 رنز بنائے اس دوران ولیمسن 32 رنز پر معین علی کو کیچ دے بیٹھے جب کہ منرو 32 گیندوں پر 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،107 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکا صرف کورے اینڈرسن نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن وہ بھی 28 رنز ہی بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوک نے 3، لیام پلنکٹ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلے اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔